رسائی کے لنکس

مخصوص نشستوں کی درخواست مسترد، پی ٹی آئی کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں ہے۔

20:43 4.3.2024

سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس کی بندش کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا

پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹوئٹر) کی بندش کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

صحافی احتشام عباسی نے وکلاء کے ذریعے درخواست دائر کی ہے۔ منگل کو چیف جسٹس عامر فاروق دراخواست کی سماعت کریں گے۔ درخواست میں پی ٹی اے اور وزارت اطلاعات کو فریق بنایا گیا ہے ۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 17 فروری کے بعد سے اب تک ٹویٹر پر پابندی عائد ہے جو بندش آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں سوشل میڈیاپلیٹ فارم کو فوری بحال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

18:39 4.3.2024

مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے تک صدارتی الیکشن ملتوی ہونا چاہیے، بیرسٹر علی ظفر 

پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کریں گے۔

انہوں نے سینیٹ اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ غیر آئینی ہے۔ اس معاملے پر سپریم کورٹ سے حتمی فیصلہ ہونے تک سینیٹ اور صدراتی الیکشن بھی ملتوی ہونے چاہئیں۔ کیوں کہ بغیر مخصوص نشستوں کے فیصلے کے ان انتخابات کا کوئی آئینی جواز نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ایسا غیر آئینی فیصلہ کیا ہے ان کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی جائے اور کمیشن کے تمام اراکین مستعفی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق آزاد امیدوار جس جماعت میں شامل ہوجائیں تو انہیں نمائندگی کے تناسب سے اقلیتوں اور خواتین کی مخصوص نشستیں دی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ وزیرِ اعظم کے انتخاب سے قبل مخصوص نشستوں کا فیصلہ کیا جائے۔ مخصوص نشستیں نہ ملنے سے ہمیں سینیٹ اور صدر کے الیکشن میں بھی نقصان ہوگا۔

17:45 4.3.2024

سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتیوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریکِ انصاف کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں دینے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

کمیشن نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن میں ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے کمیشن کے فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔

16:56 4.3.2024

سینیٹ اجلاس: سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کی قرارداد واپس لے لی گئی

سینیٹر بہرامند تنگی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی سے متعلق اپنی پیش کردہ قرار داد واپس لے لی ہے۔

پیر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کی صدارت میں ہونے والے سینیٹ اجلاس میں سینیٹر بہرامند تنگی کی پیش کردہ قرار داد پر مختلف سینیٹرز نے اعتراض کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سینیٹر بہرامند تنگی نے ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کے لیے ایک قرارداد پیش کی تھی۔

بہرامند تنگی نے کہا کہ ہر ایک رکن کو قرارداد لانے اور قانون سازی کے لیے بل پیش کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی سے متعلق قرارداد جمع کرائی۔ تاہم ان کے ساتھی اس قرارداد سے متفق نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے مشورے سے اس قرار داد کو واپس لیتے ہیں۔

سینیٹر کی جانب سے قرارداد واپس لینے پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اراکین کو اس قرار داد پر مزید بات کرنے سے روک دیا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG