رسائی کے لنکس

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سری لنکا کے سرکاری دورے پر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اس دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف اور سری لنکا کے وزیر اعظم کے درمیان باضابطہ بات چیت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں سے متعلق مفاہمت کی کئی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف پیر کو سری لنکا کے تین روزہ سرکاری دورے پر کولمبو پہنچے۔

اس دورے کی دعوت انہیں سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے دی تھی جنہوں نے گزشتہ سال اپریل میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق اس دورے کے دوران نواز شریف اپنے سری لنکن ہم منصب رانیل وکراما سنگھے اور صدر میتھری پالا سری سینا سے ملاقاتیں کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف اور سری لنکا کے وزیر اعظم کے درمیان باضابطہ بات چیت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں سے متعلق مفاہمت کی کئی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔

سری لنکا کے صدر اور وزیر اعظم کی طرف سے مہمان پاکستانی وزیر اعظم کے اعزاز میں الگ الگ ضافتوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

سری لنکا کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے رہنما بھی پاکستانی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے جبکہ نواز شریف سری لنکا کی قانون سازوں، اعلیٰ عہدیداروں اور تاجروں کے ایک اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے انہتائی قریبی تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان 1948 میں سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد یہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور سری لنکا دونوں دولت مشترکہ اور سارک تنظیم کے رکن ہیں اور ان کے ایک دوسرے کے ساتھ باہمی مشترکہ مفادات ہیں اور یہ علاقائی اور بین لاقوامی معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔

میاں نواز شریف کا پاکستان کا وزیر اعظم بننے کے بعد سری لنکا کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے نومبر 2013 میں کولمبو میں منعقد ہونے والی دولت مشترکہ کے ممالک کی سربراہی کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے سری لنکا کا دورہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG