آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں جمعرات کی شب چاقو زنی کے دو واقعات کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے۔ مختلف مقامات پر چاقوؤں کے حملوں میں پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں خاتون سمیت تین کم سن بچے بھی شامل ہیں۔ ان واقعات کے بعد مشتعل افراد کی جانب سے سٹی سینٹر میں ہنگامہ آرائی کی گئی۔ مظاہرین نے بسوں اور پولیس کی گاڑی کو نذرِ آتش کیا جب کہ کئی دکانیں بھی لوٹ لیں۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج بھی کیا۔ پولیس نے وضاحت نہیں کی کہ آیا یہ ہنگامے چاقو زنی کے واقعات کے خلاف تھے یا اس کا کوئی اور مقصد تھا۔ البتہ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔