رسائی کے لنکس

بالی وُوڈ کے ’رائل بے بیز‘


بچن خاندان سے لے کر کنگ خان گھرانوں تک کے ایسے بچوں کا احوال جنھوں نے شہرت اور دولت کی چکا چوند میں آنکھ کھولی۔

برطانیہ کے شاہی جوڑے پرنس ولیم اورکیٹ مڈلٹن کے گھر ننھے شہزادے کی آمد نے دنیا بھر کے میڈیا میں ہلچل مچا رکھی ہے۔ رائل بے بی کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے عام لوگ اور میڈیا کئی دن سے اسپتال کے باہر ڈیرہ جمائے بیٹھے تھے۔ بالکل اسی طرح بالی وُوڈ میں بھی کچھ خوش قسمت بچے ایسے ہیں جو ہندی سینما کے ’رائل بے بیز‘ کہلائے جاتے ہیں اور ان کا درجہ بھی کسی ’سیلیبرٹی‘ سے کم نہیں۔
بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ نے بالی وُوڈ کی فرسٹ فیملی یعنی بچن خاندان سے لے کر کنگ خان تک کے گھرانوں سے ایسے ہی کچھ بچوں کو منتخب کیا ہے جنہوں نے شہرت اور دولت کی چکاچوند میں آنکھیں کھولیں۔
بیٹی بی۔۔ آرادھیا بچن
امیتابھ بچن کے صاحبزادے اور اداکار ابھیشیک بچن و سابقہ مس ورلڈ ایشوریا رائے بچن کے گھر جب بیٹی کا جنم ہوا تو جہاں میڈیا کا جوش وخروش عروج پر تھا وہیں بچن خاندان نے ’بیٹی بی‘ کو اس طرح چھپا کر رکھا جیسا کوئی خزانہ رکھا جاتا ہے۔
یہ خبریں بھی گرم رہیں کہ ماں اور بچی کی تصاویر کے لئے بچن خاندان کو بھاری معاوضے کی بھی پیشکش کی گئی جو انہوں نے رد کردی۔ تین مہینے بعد بچی کے نام کا اعلان کیا گیا جبکہ تقریباً ایک سال تک عوام اور میڈیا کی نظروں سے چھپانے کے بعد آخرکار آرادھیا بچن کو منظر ِعام پر لا یا گیا۔
عامرخان جونیئر۔۔۔آزاد راؤ خان
بالی وُوڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامرخان اور ان کی اہلیہ ڈائریکٹر کرن راؤ نے میڈیا اور اپنے پرستاروں کو یہ بتا کر زوردار جھٹکا دیا کہ وہ ایک پیارے سے بیٹے کے والدین بن گئے ہیں اور یہ ولادت سروگیسی کے ذریعے ہوئی ہے۔ بچن فیملی کے برعکس عامرخان زیادہ ’میڈیا فرینڈلی‘ ثابت ہوئے اور میڈیا کو آزاد کی تصویریں بنانے کی مکمل آزادی دی۔

کنگ خان کا ایک اور شہزادہ۔۔ابرام خان
کنگ خان شاہ رخ جو پہلے ہی ایک بیٹے اور ایک بیٹی کے والد ہیں انہوں نے عامر خان کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا اور یوں ان کی فیملی میں اضافہ ہوا ’ابرام خان کا۔ خان فیملی نئے ممبر کو پا کر بہت خوش ہے۔

لیکن میڈیا اور عوام سے اس پہلے ابرام کی پیدائش کی خبر کو چھپانے کی کوشش کی گئی اور اب’ ابرام‘ کے درشن دنیا کب کر پائے گی اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔
دیگر اسٹار بچے
بالی وُوڈ کے بہت سے دوسرے اسٹارز ایسے ہیں جو والدین بنے تو ان کے بچوں کو بھی لائم لائٹ میں وہی اہمیت ملی جو خود ان کو حاصل ہے۔ ان اسٹارز میں شلپا شیٹھی اور راج کندرا شامل ہیں جو ایک بیٹے ویان کے ماں باپ ہیں۔ بھارتی ٹینس اسٹار مہیش بھوپتی اور ایکٹریس لارا دتہ کی پیاری سی بیٹی سائرہ ہے۔ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ بیٹے کے بعد اب بیٹی نتارا کے والدین بھی ہیں۔
XS
SM
MD
LG