روس یوکرین تنازع: عمران خان کا قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ
پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے اور وہ روس یوکرین تنازع کے بعد معیشت اور عالمی چیلنجز سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
روس کے حملے میں اب تک 352 افراد ہلاک ہوئے ہیں: یوکرین
یوکرین کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ روس کے حملے میں اب تک 352 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 14 بچے بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یوکرین کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں روسی حملے کے بعد ہونے والے انسانی جانی نقصان کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ جس کے مطابق روسی حملوں میں 1684 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 116 بچے شامل ہیں۔
یوکرین کی وزارتِ خارجہ نے روسی حملے میں ہلاک یا زخمی ہونے والے فوجیوں کی تعداد کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دیں۔
یوکرین معاملے پر جنرل اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ پیر کو یوکرین تنازع پر جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
سلامتی کونسل میں یوکرین کے معاملے پر اجلاس بلانے پر ووٹنگ
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے اتوار کو روس کے یوکرین پر حملے پر بات چیت کے لیے جنرل اسمبلی کا خصوصی ہنگامی اجلاس طلب کرنے کے لیے ووٹنگ کی۔
روس نے اس اجلاس کی مخالفت کی تھی لیکن اقوامِ متحدہ کی ایک خاص قرارداد کے تحت وہ اسے ویٹو نہیں کر سکتا تھا۔
اقوام متحدہ کی اس قرارداد جسے 'یونائٹنگ فار پیس' یعنی امن کے لیے اکھٹا ہونے کا نام دیا گیا ہے، کے مطابق وہ سیکیورٹی کونسل کے رکن ملکوں کو یہ اختیار دیتا ہے کہ اگر اس کے پانچ مستقل ارکان (روس، امریکہ، برطانیہ، فرانس اور چین) امن کو کیسے قائم کیا جائے اس پر متفق نہ ہو سکیں تو وہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلوائیں۔
یہ اجلاس اب پیر کو بلوایا گیا ہے جس میں 193 رکن ممالک کو روسی حملے پر اپنے رائے دینے کی اجازت دی جائے گی۔
اجلاس کے دوران امریکی سفیر لنڈا تھامس نے کہا کہ روس ہماری آوازوں کو ویٹو نہیں کر سکتا، روس یوکرین کے عوام، اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کو ویٹو نہیں کر سکتا اور روس اپنے احتساب کو ویٹو نہیں کر سکتا۔
اس سے قبل جمعے کو جنرل اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے قرارداد ناکام ہوئی تھی۔ کونسل کے 15 ارکان میں سے گیارہ نے اس کی حمایت کی تھی جب کہ چین، بھارت اور متحدہ عرب امارات نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔