رسائی کے لنکس

امریکہ: خود کار گاڑی کی ٹکر سے خاتون راہ گیر ہلاک


جائے حادثہ کا ایک منظر
جائے حادثہ کا ایک منظر

خود کار گاڑی ٹیکسی کمپنی 'اوبر' کی ملکیت تھی جس نے فٹ پاتھ سے ذرا دور ٹہلنے والی ایک 49 سالہ مقامی خاتون کو ٹکر ماری۔

امریکہ میں بغیر ڈرائیور کے چلنے والی ایک گاڑی کی ٹکر سے خاتون راہ گیر کی ہلاکت کے بعد آن لائن ٹیکسی کمپنی 'اوبر' نے امریکہ اور کینیڈا میں خود کار گاڑیوں کی آزمائش کا اپنا پروگرام معطل کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق حادثہ پیر کو امریکہ کی ریاست ایریزونا کے شہر فینکس کے ایک نواحی علاقے میں پیش آیا۔

خود کار گاڑی ٹیکسی کمپنی 'اوبر' کی ملکیت تھی جس نے فٹ پاتھ سے ذرا دور ٹہلنے والی ایک 49 سالہ مقامی خاتون کو ٹکر ماری۔

خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گو کہ گاڑی میں ڈرائیور موجود تھا لیکن حادثے کے وقت گاڑی خود کار نظام کے تحت چل رہی تھی۔

امریکہ کی ریاست ایریزونا میں ڈرائیونگ کے قوانین خاصے نرم ہیں جس کے باعث 'اوبر' سمیت کئی ٹیکنالوجی کمپنیاں ریاست کے شہر فینکس کی سڑکوں پر گزشتہ کئی ماہ سے بغیر ڈرائیور کے چلنے والی خود کار گاڑیوں کے تجربات کر رہی ہیں۔

وولوو کمپنی کی ایک گاڑی جسے اوبر خود کار ڈرائیونگ کے تجربات کے لیے استعمال کر رہی ہے (فائل فوٹو)
وولوو کمپنی کی ایک گاڑی جسے اوبر خود کار ڈرائیونگ کے تجربات کے لیے استعمال کر رہی ہے (فائل فوٹو)

خود کار گاڑیوں کے یہ تجربات فینکس کے علاوہ امریکہ کے شہروں پٹس برگ اور سان فرانسسکو کے علاوہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بھی کیے جارہے ہیں۔

حادثے کے بعد 'اوبر' نے پورے امریکہ اور کینیڈا میں اپنی خود کار ٹیکسیوں کا آزمائشی پروگرام روکنے کا اعلان کیا ہے۔

حادثے کا سبب بننے والی گاڑی 'وولوو ایکس سی 90' ہے جسے 'اوبر' خود کار ڈرائیونگ کی اپنی ٹیکنالوجی کے تجربات کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ تاہم 'وولوو' کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ خود کار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی اس نے تیار نہیں کی۔

امریکہ میں ٹریفک حادثات روکنے کے ذمہ دار دو بڑے اداروں نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی ٹیمیں جائے حادثہ بھیج دی ہیں تاکہ حادثے کے متعلق تفصیلات جمع کی جاسکیں۔

خود کار گاڑی کی ٹکر سے کسی شخص کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے جس کے بعد ایک بار پھر یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کتنی قابلِ اعتماد ہے۔

XS
SM
MD
LG