رسائی کے لنکس

بھارت: 300 سے زائد ہلاکتوں کا باعث ٹرین حادثہ الیکٹرانک سگنل کی خرابی سے ہوا


بھارت کے وزیرِ برائے ریلوے کا کہنا ہے کہ مشرقی بھارت میں ہونے والے ٹرین حادثے کی وجہ الیکٹرانک سگنل کے نظام میں خرابی تھی جس کی وجہ سے پٹریوں کی غلط تبدیلی حادثے کی وجہ بنی۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق وزیر ریلوے ایشون ویشنا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ غلطی کس نے کی اور اس کی وجوہات کیا تھیں یہ سب کچھ تحقیقات میں سامنے آئے گا۔

بھارت کی ریاست اڑیسہ میں جمعے کی شب تین ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ ریاست اڑیسہ میں پیش آیا جب بنگلورو ہورا سپرفاسٹ ایکسپریس، شالیمار چنئی سینٹرل کرومینڈل ایکسپریس اور پٹری پر پہلے سے کھڑی مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔

اس سے قبل بھارتی نیوز ایجنسی ‘پریس ٹرسٹ آف انڈیا’ کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا تھا کہ کرومینڈل ایکسپریس کو مین ٹریک لائن پر داخل ہونے کا اشارہ کیا گیا تاہم یہ اشارہ بعد ازاں ہٹا دیا گیا جس کی وجہ سے کرومینڈل ایکسپریس ایک اور لوپ لائن میں چلی گئی جہاں پہلے سے کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔

اوڑیسہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی سروسز سدانشو سارنگی کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام تک مزید 15 لاشیں برآمد ہوئی تھیں جب کہ ملبے میں دبے افراد کی تلاش کا کام ہفتے کو رات دیر تک جاری رہا۔ ریسکیو عمل کے دوران بھاری مشینری استعمال کی گئی تاکہ ملبے اور بھاری انجن کو ڈبوں سے ہٹایا جاسکے۔

سارنگی کے مطابق انجن میں سے کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی جب کہ لاشیں نکالنے کا کام اتوار کی صبح مکمل کر لیا گیا ہے۔

اوڑیسہ میں ہونے والا یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا کہ جب بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی برطانوی دور میں قائم کردہ ریلوے نظام کو جدید تقاضوں پر استوار کرنے پر زور دے رہے ہیں ۔

بھارت اب ایک ارب 42 کروڑ کی آبادی والا دنیا کا سب سے گنجان ملک بن چکا ہے جہاں ریل گاڑی سفر کا سب سے آسان اور سستا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

حکومت کی طرف سے ٹرین کے سفر کو محفوظ بنانے کی کوششوں کے باوجود ہر سال ٹرینوں کے حادثات پیش آتے ہیں جو کہ ایک مرکزی انتظامیہ کے ذریعے چلائے جانے والا دنیا کا سب سے بڑا ٹرین نیٹ ورک ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتے کو ریلیف کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ریسکیو حکام سے بات چیت کی۔

مودی نے اسپتال کا بھی دورہ کیا اور ڈاکٹروں سے حادثے میں زخمی ہونے والے مریضوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ اس موقع پر مودی نے مریضوں سے بھی بات چیت کی۔

مودی کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ حادثے کے شکار ہونے والے افراد کے درد کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت زخمیوں کی ہر ممکن مدد کرے گی اور قصور واروں کو سزا دی جائے گی۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’ ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG