رسائی کے لنکس

سندھ: 'بھنبھور' ڈویژن کے قیام کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومت سندھ کی جانب سے تین ضلعوں پر مشتمل نئے ڈویژن کا نام 'بھنبھور' رکھا گیا ہے.

حکومت سندھ نے صوبے کے تاریخی ساحلی ضلعے 'ٹھٹھہ' کو ڈویژن کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے جمعرات کو سامنے آنے والے اعلان کے مطابق ٹھٹھہ شہر کو نئے ڈویژن کا ہیڈکوارٹر قرار دیا گیا ہے جس میں سندھ کے دو دیگر اضلاع بدین اور سجاول شامل ہوں گے۔

حکومت سندھ کی جانب سے ان تین ضلعوں پر مشتمل نئے ڈویژن کا نام 'بھنبھور' رکھا گیا ہے جبکہ ڈویژن کا ہیڈکوارٹر سندھ کے مشہور تاریخی مقام 'مکلی' میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے ٹھٹھہ کو نیا ڈویزنل ہیڈکوارٹر بنائے جانے کے فیصلے کے بعد سندھ میں ڈویژن کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔ اس سے قبل ٹھٹھہ، سجاول اور بدین تینوں ضلعے حیدرآباد ڈویژن میں شامل تھے۔

ٹھٹھہ سندھ کا ایک ساحلی ضلع ہے جہاں مشہور سیاحتی مقام کینجھر جھیل واقع ہے۔ اس ضلعے میں سندھ کے قدیم تاریخی مقامات بھی موجود ہیں جن میں 'مکلی کا قبرستان'، ماضی کے شہر بھنبھور کے آثار اور مغل دور کی 'شاہجہاں مسجد' سرِ فہرست ہیں۔
XS
SM
MD
LG