رسائی کے لنکس

تائیوان زلزلہ: امدادی کارروائیاں جاری، درجنوں تاحال لاپتا


زلزلے سے دیگر نو مقامات پر عمارتیں تباہ ہوئی ہیں جبکہ پانچ کی بنیادیں ہل گئی ہیں اور وہ کسی بھی وقت گر سکتی ہیں۔

تائیوان میں زلزلے کے بعد امدادی کارکنوں نے اتوار کو چھ مزید افراد کو ایک رہائشی عمارت کے ملبے سے زندہ نکال لیا ہے۔ خیال ہے کہ ہفتے کو آنے والے زلزلے سے منہدم ہونے والے اس عمارت کے ملبے میں اب بھی لگ بھگ 120 افراد دبے ہیں۔

پولیس، آگ بجھانے کا عملہ، فوجی اور رضاکار ملبے سے زندہ افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔ ان میں سے کچھ اپنے ہاتھوں سے ملبہ ہٹانے میں لگے ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کے لواحقین بے چینی سے اپنے پیاروں کے بارے میں کسی خبر کے منتظر ہیں۔

ہفتے کی صبح چار بچے آنے والے زلزلے سے اب تک 24 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 500 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں سے 16 جنوبی شہر تیانن میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے میں دب کر ہلاک ہوئے۔

تائیوان کے میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جن میں 18 اور 23 سالہ دو بہنوں کی لاشیں بھی شامل ہیں۔

ریکٹر سکیل پر 6.4 شدت سے آنے والے زلزلے سے 17منزلہ رہائشی عمارت کی منزلیں ایک دوسرے پر آگریں اور پھر پوری عمارت منہدم ہو گئی جس سے 1990 کی دہائی میں تعمیر کی جانے والے اس عمارت میں استعمال ہونے والے تعمیراتی سامان اور مہارت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

تاہم شہر کے حکام کے مطابق یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ عمارت ناقص تعمیراتی کام کے باعث منہدم ہوئی۔

زلزلے سے نو دیگر مقامات پر عمارتیں تباہ ہوئی ہیں جبکہ پانچ کی بنیادیں ہل گئی ہیں اور وہ کسی بھی وقت گر سکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG