رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں سوشل میڈیا سمٹ


امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستانیوں کو سلام کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سوشل میڈیا پر انفرادی آوازیں اتنی طاقت ور کبھی نہ تھیں اور یہ سفر جاری رہنا چاہئے

اسلام آباد میں دو روزہ سوشل میڈیا سمٹ 2014ء کا آغاز ہوگیا ہے جس کا مقصد سماجی تبدیلی میں سوشل میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالنا ہے۔

ہفتے کو شروع ہونے والی اس کانفرنس کا انعقاد 'پاکستان امریکہ المنائی نیٹ ورک' اور 'پروگریسو یوتھ فورم' نے کیا ہے، جس میں تین سو سے زائد صحافی، بلاگرز، سماجی کارکن، طلبا و طالبات اور امریکہ میں تعلیم پانے والے سابق طلبہ مختلف موضوعات پر اپنے تجربات اور خیالات کا تبادلہ کریں گے۔

ہفتے کو کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے شرکا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں اپنے معاشروں اور ملکوں میں مثبت اثرات مرتب کرنے کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے اور سماجی ذرائع ابلاغ اپنی آواز بلند کرنے کا ایک طاقت ور ذریعہ ہیں۔

کانفرنس کے پہلے روز ممتاز صحافیوں، سوشل میڈیا اور سول سوسائٹی کے ماہرین اور کاروباری افراد نے نوجوانوں کی سر گرمیوں میں سوشل میڈیا کے کردار کے ساتھ ساتھ فروغِ امن، خواتین کو با اختیار بنانے، کاروبار اور صحافت میں سوشل میڈیا کے استعمال اور اثرات پر گفتگو کی۔

'فیس بک' کا شمار بھی سوشل میڈیا میں ہوتا ہے اور اس پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اسلام آباد میں جاری اس 'سوشل میڈیا سمٹ' پر اپنی رائے دے رہے ہیں۔

یہی حال 'ٹوئٹر' نامی سماجی رابطے کی ویب سائٹ کا بھی ہے جس پر امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستانیوں کو سلام کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سوشل میڈیا پر انفرادی آوازیں اتنی طاقت ور کبھی بھی نہ تھیں اور یہ سفر جاری رہنا چاہئے۔
XS
SM
MD
LG