رسائی کے لنکس

گھر سے دفتری کام انجام دینے والوں کے لیے چند مفید ایپلی کیشنز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا وائرس کے باعث لوگ اپنے دفتری کام بھی گھروں میں بیٹھ کر کرنے پر مجبور ہیں لیکن ہر کام انفرادی طور پر نہیں ہو سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی وبا کے باعث جب گھروں سے کام کرنے کا رجحان بڑھا تو بہت سی ایپلی کیشنز کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔

لوگ اپنی پیشہ ورانہ ضروریات اور دفتری قوائد و ضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف ایپس کا انتخاب کر رہے ہیں۔ کون سی ایپلی کیشنز آج کل زیادہ استعمال ہو رہی ہیں؟ آئیے دیکھتے ہیں۔

اسکائپ

مائیکرو سافٹ کی یہ ایپ لوگوں کے لیے جانی پہچانی ہے لیکن اب اس کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ مختلف انٹرویوز اور دفتری میٹنگز سے علاوہ دیگر معاملات میں بھی اسکائپ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

اسکائپ اکثر موبائل فونز اور لیپ ٹاپ پر پہلے سے ہی موجود ہوتی ہے۔ اس لیے اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

اس کے کچھ فیچرز کافی کارآمد ہیں جیسے ویڈیو چیٹ کی ہسٹری دستیاب ہونا، ویڈیو کالنگ اور اسکرین شیئرنگ کے مختلف آپشنز۔

اسکائپ سے لینڈ لائن اور موبائل دونوں قسم کی کال کی جا سکتی ہے۔ اس ایپ کا پہلے سے لوگوں کے مابوئل فونز میں موجود ہونا اور صارفین کے لیے مفت دستیابی اسکائپ کی مقبولیت کی اہم وجہ ہے۔ البتہ اس کے کچھ فیچرز کے استمعال کے لیے رقم کی ادائیگی ضروری ہے جسے اسکائپ پریمیم کہا جاتا ہے۔

اسکائپ پریمیم کے فیچرز میں صارفین کو وائس میل اور اسکائپ کے علاوہ دوسری کالز کرنے کی سہولیات بھی ملتی ہیں۔

واٹس ایپ

ٹیکنالوجی کے اس دور میں بہت کم لوگ ہی ایسے ہوں گے جو واٹس ایپ کے نام سے واقف نہ ہوں۔ عام طور پر تو لوگ اس ایپ کو غیر رسمی گفتگو اور ذاتی کالز کے لیے استمعال کرتے ہیں لیکن اس وقت یہ ایپ بہت سے افراد کو اپنے اداروں کے ساتھ جوڑے ہوئے ہے۔

واٹس ایپ کی سروسز صرف میسجز کرنے اور آڈیو یا ویڈیو کالنگ تک محدود ہیں۔ اس پر گروپ بنا کر بھی معلومات کا تبادلہ ہو سکتا ہے۔ لیکن باقاعدہ سرکاری کام انجام دینے کے لیے اس سے بہتر کئی ایپس سامنے آ چکی ہیں۔

زوم

زوم حالیہ دنوں میں تیزی سے مقبول ہونے والی کلاؤڈ میٹنگ ایپس میں سے ایک ہے جو ملازمین اور افسران کے درمیان با آسانی رابطہ قائم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ ایسے ادارے جہاں زیادہ افراد کو ویڈیو کال میں شامل کرنا مقصود ہو، زوم ان کے لیے کافی مدگار ثابت ہوتی ہے۔

کرونا وائرس کے سبب چوں کہ تعلیمی ادارے بند ہیں، لہٰذا کئی تعلیمی ادارے اسی ایپلی کیشن کا استعمال کرتے ہوئے آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ زوم کے اہم فیچرز میں بیک وقت 100 افراد کو ویڈیو کال پر لینے کی سہولت شامل ہے۔

ان کال سیشنز کو ریکارڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔ آئی فونز استعمال کرنے والوں کے لیے زوم کافی اچھے نتائج دینے والی ایپ سمجھی جاتی ہے۔ ایسے افراد جن کا کام زیادہ افراد سے بات چیت کرنا اور میٹنگز سے متعلق ہو، ان کے لیے اس ایپ کی افادیت زیادہ ہے۔ اسے گوگل پلے اسٹور اور آئی فون کی ایپ اسٹور دونوں سے ہی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

ڈے وائز

اگر کام کرنے کے لیے آپ کو کالز پر کم اور ٹیکسٹ میسجز پر زیادہ انحصار کرنا پڑتا ہے تو ڈے وائز ایک اچھا انتخاب ہے۔ اس ایپ کا کام آپ کو بھیجے گئے میسجز کو اکٹھا کر کے ایک میسج باکس میں جمع کرنا ہے۔ ان میسجز کو آپ جب چاہیں کھول کر پڑھ سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے بار بار ہر میسج کی گھنٹی بجنے کے سردرد سے بھی نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہ ایپ بھی صارفین کے لیے مفت ہے۔

سلیک

گھر سے کام کرنے والوں کے لیے سلیک نیا نام نہیں لیکن کرونا وائرس کے نتیجے میں شہر، شہر میں ہونے والے لاک ڈاؤن کے بعد اس کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے۔ سلیک کی اچھی بات یہ ہے کہ اسے آپ اپنی مرضی کے مطابق سیٹ اپ کر سکتے ہیں۔ ٹیم پراجیکٹ یا کسی بھی خاص موضوع کا انتخاب بطور کیٹیگری بھی کیا جا سکتا ہے۔

اگر آپ کو اپنے دفتر کا ماحول یاد آ رہا ہو تو اس کے چھوٹے موٹے حل بھی سلیک کے پاس موجود ہیں۔ جیسے انفرادی طور پر چیٹ میسجز اور جِف امیجز بھیجنے کے آپشنز وغیرہ۔

ویسے تو یہ ایپ مفت ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے لیکن اس کے چند مخصوص فیچرز صرف رقم کی ادائیگی کے بعد ہی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ انہیں استعمال کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آپ اپنے کام کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کر سکتے ہیں۔

ٹریلو

ٹریلو بھی کام کو سمیٹنے اور اس کو کیٹیگریز میں بانٹنے میں آپ کی مدد کرتی ہے۔ اس کی مقبولیت امریکہ سے زیادہ یورپی ممالک بالخصوص برطانیہ میں زیادہ ہے۔ ٹریلو ریئل ٹائم بلیٹن بورڈ تشکیل دینے کے ساتھ آپ کے جاری پراجیکٹس اور ٹیم ممبران کے علاؤہ ان پراجیکٹس پر جاری کاموں کی اپ ڈیٹ بھی فراہم کرتی ہے۔ اس میں مختلف ناموں اور رنگوں کی مدد سے آپ اپنے کام کو مختلف حصوں میں بانٹ کر آسان کر سکتے ہیں۔

ٹیمز

مائیکرو سافٹ کی یہ ایپ باآسانی مفت ڈاؤن لوڈ ہو جاتی ہے۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جسے آپ اپنی مرضی اور ضرورت کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ مثلا اگر آپ کوئی ویب سائٹ ڈیزائن کر رہے ہوں تو یہ آپ کو کئی آپشنز دے گی جنہیں آپ اپنی مرضی سے آن یا آف کر سکتے ہیں۔ اس میں آپ اپنی ٹیم کے ساتھیوں کے نام شامل کرنے سے لے کر ان کو مخصوص شعبوں میں الگ الگ کام دینے تک کچھ بھی کام لے سکتے ہیں۔

اس ایپ میں اسکرین شیئرنگ کا آپشن بھی موجود ہے اور آڈیو یا ویڈیو کال کا بھی۔ غرض یہ ایپ دفتری کاموں میں بہت معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

ٹیکنالوجی کے ماہرین کہتے ہیں کہ جب تک زندگی معمول پر نہیں آ جاتی تب تک ان ایپس کا استعمال بہت سے دفتری مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

  • 16x9 Image

    گیتی آرا

    گیتی آرا ملٹی میڈیا صحافی ہیں اور وائس آف امریکہ اردو کے لئے اسلام آباد سے نیوز اور فیچر سٹوریز تحریر اور پروڈیوس کرتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG