رسائی کے لنکس

چاند کی پہلی کمرشل فلائٹ کے مسافر کا اعلان


'اسپیس ایکس' کے مالک ایلن مسک نے کہا ہے کہ جاپانی تاجر ایک اچھی خاصی رقم ایڈوانس کے طور پر جمع کراچکے ہیں جو 'بی ایف آر' کی تعمیر میں استعمال کی جائے گی۔

خلائی سفر کے لیے معروف ٹیکنالوجی کمپنی 'اسپیس ایکس' نے اعلان کیا ہے کہ جاپان کے معروف فیشن اسٹور 'زوزو' کے بانی اور ارب پتی تاجر یوساکو مائیزاوا 'اسپیس ایکس' کی فلائٹ کے ذریعے چاند کا چکر لگانے والے پہلے نجی مسافر ہوں گے۔

مائیزاوا کے نام کا اعلان پیر کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے نواحی علاقے ہاتھورن میں قائم 'اسپیس ایکس' کے صدر دفتر میں ہونے والی ایک تقریب میں کیا گیا۔

مائیزاوا چاند کا یہ سفر 2023ء میں 'اسپیس ایکس' کی نئی خلائی گاڑی 'بِگ فیلکن راکٹ' (بی ایف آر) میں کریں گے جس کی تیاری جاری ہے۔

بیالیس سالہ مائیزاوا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ہمراہ چھ سے آٹھ فن کار، آرکیٹیکٹ، ڈیزائنررز اور دیگر تخلیق کاروں کو بھی اس سفر پر لے جائیں گےتاکہ ان کے بقول، "وہ واپس آکر ایسے فن پارے تخلیق کریں جن سے اس سفر کے تجربے کا اظہار ہوتا ہو۔"

'اسپیس ایکس' کے مطابق یہ سفر چھ دن پر محیط ہوگا جس کے دوران خلائی گاڑی کے مسافر چاند کی سطح کا قریب سے مشاہدہ کریں گے۔

'زو زو' کے چیف ایگزیکٹو یوساکو مائیزاوا (فائل فوٹو)
'زو زو' کے چیف ایگزیکٹو یوساکو مائیزاوا (فائل فوٹو)

تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ مائیزاوا اس سفر پر کتنی رقم خرچ کریں گے لیکن 'اسپیس ایکس' کے مالک ایلن مسک نے کہا ہے کہ جاپانی تاجر ایک اچھی خاصی رقم ایڈوانس کے طور پر جمع کراچکے ہیں جو 'بی ایف آر' کی تعمیر میں استعمال کی جائے گی۔

مائیزاوا کا شمار جاپان کے رنگین مزاج ارب پتیوں میں ہوتا ہے جو جاپانی اور غیر ملکی آرٹ کے نمونے اور تیز رفتار کاریں اکٹھا کرنے کے اپنے شوق اور اسی نوعیت کی دیگر وجوہات کی بنا پر خبروں میں رہتے ہیں۔

انہوں نے چند سال قبل امریکی آرٹسٹ جین مشیل باسکیا کی ایک غیر معروف پینٹنگ 11 کروڑ امریکی ڈالر میں خریدی تھی۔

ایلن مسک کی کمپنی 'اسپیس ایکس' خلائی ٹیکنالوجی اور خلائی گاڑیوں کی تیاری کے لیے معروف ہے اور اس نے چند سال قبل ارب پتی افراد کو خلا کا سفر کرانے کا اعلان کیا تھا۔

کمپنی اب تک اپنے تیار کردہ 'فالکن 9' راکٹس 50 سے زائد بار خلا میں بھیج چکی ہے اور اس کے پاس امریکی خلائی ادارے 'ناسا' اور امریکی وزارتِ دفاع کے ٹھیکے بھی ہیں جن کی مالیت اربوں ڈالر ہے۔

اسپیس ایکس نے رواں سال فروری میں 'فیلکن ہیوی' نامی اپنے راکٹ کا کامیاب تجربہ کیا تھا جو دنیا میں اب تک تیار کیا جانے والے والا سب سے جدید اور طاقت ور راکٹ ہے۔

'اسپیس ایکس' کا کہنا ہے کہ وہ مسافروں کو خلا میں لے جانے کے لیے ایک اور جدید راکٹ تیار کر رہی ہے جسے کمپنی نے 'بِگ فیلکن راکٹ' کا نام دیا ہے۔

ایلن مسک کے بقول یہ راکٹ پہلے مرحلے میں مسافروں کو چاند پر لے جائے گا جس کے بعد اسے خلابازوں اور سامان کی مریخ ترسیل کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

ایلن مسک نے دعویٰ کیا ہے کہ 'بی ایف آر' دو سے تین سال میں اپنی پروازیں شروع کردے گا۔

ایلن مسک کی 'اسپیس ایکس' کے علاوہ کئی اور کمپنیوں نے بھی نجی شعبے میں خلائی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جن میں 'ایمیزون ڈاٹ کام' کے بانی جیف بیزوس کی کمپنی 'بلیو اوریجن' اور امریکہ کی معروف کاروباری شخصیت رچرڈ برینسن کی 'ورجن گیلیکٹک' شامل ہیں۔

'ورجن گیلیکٹک' کی پروازوں میں اپنی نشستیں بک کرانے والوں میں ہالی وڈ اسٹار لیونارڈو ڈی کیپریو اور گلوکار جسٹن بیبر بھی شامل ہیں۔

نوے منٹ کی اس فلائٹ کا کرایہ ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر ہوگا اور تاحال اس کے شروع ہونے کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG