رسائی کے لنکس

لندن: زہریلی مکڑیوں کے باعث دو اسکول عارضی طور پر بند


مشرقی لندن میں ٹاور ہیملٹس کے علاقے میں واقع دو پرائمری اسکول عثمانی اور تھامس بکسٹن اسکول کو زہریلی مکڑیوں سے متاثرہ ہونے کی وجہ سے مجبورا بند کرنا پڑا ہے ۔

برطانوی دارالحکومت لندن کے دو اسکولوں میں زہریلی مکڑیاں پائی گئی ہیں جس کے بعد دونوں اسکولوں کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق مشرقی لندن میں ٹاور ہیملٹس کے علاقے میں واقع دو پرائمری اسکول عثمانی اور تھامس بکسٹن اسکول کو زہریلی مکڑیوں سے متاثرہ ہونے کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق متاثرہ اسکولوں تھامس بکسٹن اسکول اور عثمانی اسکول کی جانب سینکٹروں طالب علموں کو جمعے کے روز واپس گھر بھیج دیا گیا۔

اسکولوں کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ کیٹروں پر قابو پانے والے عملے کی طرف سے مکڑیوں کے خاتمے کا کام چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد طالب علموں کو آئندہ ہفتے اسکول بلایا جائے گا ۔

ٹاور ہیملٹس ضلع کی کونسل کا کہنا ہے کہ یہ مکڑیاں دیکھنے میں زہریلی مکڑی 'بلیک ویڈو' سے مشابہ معلوم ہوتی ہیں اگرچہ انھیں خطرناک قرار نہیں دیا جا سکتا ہے لیکن یہ مکڑیاں کسی کو بھی کاٹ سکتی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ایسی زہریلی مکڑیوں کا کاٹنا تکلیف دہ ہو سکتا ہےجو الرجک ردعمل کا سبب بھی بن سکتا ہے ۔

کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت اور احاطہ بری طرح سے زہریلی مکڑیوں سے متاثر ہوا ہے اور فی الحال پیسٹ کنٹرول ٹیم دونوں اسکولوں کو مکڑیوں سے پاک کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں تاہم اسٹاف اور طالب علموں کی صحت کے خدشات کے حوالے سے اسکولوں کو آئندہ ہفتے تک بند رکھا جائے گا ۔

اگرچہ مکڑیوں کا کاٹنا شاذونادر ہی خطرناک ہو سکتا ہے لیکن بلیک ویڈو مکڑی برطانیہ میں پائے جانے والے زہریلے 650حشرات میں سے ایک ہے ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بلیک ویڈو نامی زہریلی مکڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے حتی کہ یہ برطانیہ کے انتہائی شمالی سرد علاقے اسکاٹ لینڈ میں بھی دیکھی گئی ہیں۔

دنیا میں مکڑیوں کی بے شمار قسمیں پائی جاتی ہیں، دنیا بھر میں پائی جانے والی مکڑیاں جگہ اور موسم کے اعتبار سے مختلف رنگ اور جسامت کی حامل ہوتی ہے ۔

بلیک ویڈو زہریلی اور خطرناک مکڑی ہے اس کا رنگ چمکدار بھورا یا سیاہ ہے جبکہ مادہ مکڑی تقریبا ایک سینٹی میٹر لمبی ہوتی ہے یہ عام طور پر امریکہ بھر میں اور خاص طور پر معتدل علاقوں میں پائی جاتی ہے اس کی شناخت اس کے رنگ اور سائز سے کی جاتی ہے اور اس کا کاٹنا خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ اس کا زہر ایک سانپ کے مقابلے میں 15 گنا زیادہ طاقتور ہوتا ہے اس کے کاٹنے سے فوری پٹھوں میں درد ،سانس لینے میں دشواری اور متلی کی کیفیت محسوس ہوتی ہے ۔

بلیک ویڈو اسپائیڈر یعنی مادہ مکڑی اور مکڑے کے درمیان ایک پرتشدد رشتہ ہوتا اور اکثر مادہ مکڑی مکڑے کو مار کر کھا جاتی ہے اسی مناسبت سے اسے 'بلیک ویڈو ' کا نام دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG