رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں کیبل کار حادثہ، سات ہلاک


فائل
فائل

ایک کیبل کار 100 سے زائد فٹ نیچے گر کر زمین سے ٹکرا گئی اور اس میں سوار دلی سے آئی ہوئی سیاحوں کی ایک جوڑی، اس کے دو بچے اور اُن کے ٹور گائیڈ سمیت تین مقامی شہری ہلاک ہوگئے

اتوار کو نئی دہلی کے زیرِ انتظام کشمیر کے صحت افزا مقام، گلمرک میں 'گنڈولا' (کیبل کار) کو پیش آنے والے حادثے میں سات افراد ہلاک اور چند زخمی ہوگئے۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کی حادثہ لوگوں کو پیر پنجال سلسلہ کوہ میں سطح سمندر سے تقریبا" 14000 فٹ بلندی پر واقع برف سے ڈھکے مقام افروَٹ تک لیجانے والے 'گنڈولے' کا تار چرخی سے اُترنے کی وجہ سے پیش آیا۔

اُن کا کہنا ہے کہ علاقے میں تیز ہوائیں چل رہی تھیں اور اس دوران دیودار کا ایک پیڑ اُکھڑ کر روپ وے کے کیبل سے ٹکرا گیا اور یہ چرخی سے اُتر گئی۔ ایک کیبل کار ایک سو سے زائد فٹ نیچے گر کر زمین سے ٹکرا گئی اور اس میں سوار دلی سے آئی ہوئی سیاحوں کی ایک جوڑی، اس کے دو بچے اور اُن کے ٹور گائیڈ سمیت تین مقامی شہری ہلاک ہوگئے۔

حادثے کی وجہ سے 15 دوسری کیبل کاروں میں سوار 100 سے زائد لوگوں کو بچانے کے لئے شروع کی گئی بچاؤ کارروائی آخری اطلاع آنے تک جاری تھی۔

گلمرک گنڈولا (کیبل کار پروجیکٹ) کو فرانس کی ایک معروف کمپنی نے 1998 میں قائم کیا تھا اور اسے نئی دہلی کے زیرِ انتظام کشمیر کے ایک سرکاری ادارے کی طرف سے کامیابی کے ساتھ چلایا جاتا رہا ہے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سروس جو مقامی لوگوں اور سیلانیوں میں یکسان مقبول رہی ہے اس طرح کے حادثے سے دوچار ہوئی ہے۔ سابق وزیرِ اعلیٰ اور حزبِ اختلاف کے لیڈر عمر عبد اللہ نے حادثے میں انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ تیز آندھی کو دیکھتے ہوئے سروس کیوں بند نہیں کی گئی تھی۔

  • 16x9 Image

    یوسف جمیل

    یوسف جمیل 2002 میں وائس آف امریکہ سے وابستہ ہونے سے قبل بھارت میں بی بی سی اور کئی دوسرے بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نامہ نگار کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ انہیں ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں اب تک تقریباً 20 مقامی، قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے جن میں کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی طرف سے 1996 میں دیا گیا انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG