رسائی کے لنکس

کراچی: پولیس کاروائی میں داعش کا مبینہ آپریشنل کمانڈر ہلاک


مشتاق مہر کے دعوے کے مطابق ملزم پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں اور سیاسی کارکنوں کے قتل سمیت بم حملوں میں بھی ملوث تھا۔

کراچی میں دو روز قبل پولیس مقابلے میں مارا جانے والا شخص کامران گجر مبینہ طور پر پاکستان میں ’داعش‘ کا آپریشنل کمانڈر تھا۔ اس بات کا انکشاف ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

مشتاق مہر کے دعوے کے مطابق ملزم پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں اور سیاسی کارکنوں کے قتل سمیت بم حملوں میں بھی ملوث تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اتحاد ٹاؤن منگھو پیر میں مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن کیا تھا جس کے دوران پولیس پر فائرنگ بھی کی گئی جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

مشتاق مہر نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے تین دہشت گرد فرار اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا جو بعد میں دم توڑ گیا۔ اس کی شناخت کامران گجر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ماضی میں القاعدہ کے لیے بھی کام کرتا رہا ہے جبکہ اس وقت ’داعش ‘کا مبینہ کمانڈر تھا۔

ایک اور اطلاع کے مطابق کامران گجر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ اس کارروائی میں خفیہ اداروں کے علاوہ ضلع غربی کے پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔

سندھ پولیس کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حملے میں کامران گجر کے علاوہ دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔ کامران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج ہی اسپتال میں چل بسا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک سب مشین گن، تین دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG