رسائی کے لنکس

افغانستان: طالبان کے حملے میں 16 افراد ہلاک


'رائٹرز' نے دعویٰ کیا ہے کہ ملیشیا اہلکاروں کو ان ہی کے ایک ساتھی نے زہر دینے کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا۔

افغان حکام کے مطابق ملک کے مشرقی صوبے میں طالبان کے ایک حملے میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں عام شہری بھی شامل ہیں۔

صوبہ غزنی کے گورنر موسیٰ خان اکبر زادہ کے مطابق طالبان شدت پسندوں نے بدھ کو ضلع اندر کی ایک دور دراز پولیس چوکی پر حملہ کرکے وہاں تعینات مقامی ملیشیا کے 10 جوانوں کو ہلاک کردیا۔

گورنر کے مطابق حملے میں کم از کم چھ عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

واقعے کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔ لیکن بعض اطلاعات کے مطابق ہلاک شدگان کو قتل کرنے سے قبل زہر دیا گیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' نے دعویٰ کیا ہے کہ ملیشیا اہلکاروں کو ان ہی کے ایک ساتھی نے زہر دینے کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا۔

'رائٹرز' نے صوبائی پولیس سربراہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ تمام ہلاک شدگان پولیس اہلکار تھے جن میں سے سات حال ہی میں بھرتی ہوئے تھے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق طالبان نے ایک بیان کے ذریعے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

دریں اثنا بدھ کو دارالحکومت کابل میں ایک فوجی بس پر خود کش حملے کے نتیجے میں چھ افغان فوجی اور چار عام شہری زخمی ہوگئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے کابل کے مغربی علاقے میں بدھ کی صبح اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب فوجی اہلکار بس میں سوار ہورہے تھے۔

حکام کے مطابق طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری بھی قبول کرلی ہے۔
XS
SM
MD
LG