رسائی کے لنکس

سترہ برسوں میں طالبان مضبوط ہوئے ہیں یا کمزور؟


روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف طالبان وفد کے رکن الحاج محمد سہیل کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ روس نے کثیر ملکی امن کانفرنس کی ماسکو میں میزبانی کی۔ 9 نومبر 2018
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف طالبان وفد کے رکن الحاج محمد سہیل کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ روس نے کثیر ملکی امن کانفرنس کی ماسکو میں میزبانی کی۔ 9 نومبر 2018

افغان جنگ کو سترہ سال سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے۔ نائن الیون کے حملے کے بعد امریکہ کی قیادت میں اتحادی افواج جب افغانستان داخل ہوئیں تو کابل پر سخت گیر طالبان کی حکومت تھی۔ جدید اسلحے اور بھاری عددی قوت نے طالبان کو کابل سے فرار پر مجبور کر دیا لیکن تجزیہ کاروں کے نزدیک آج وہ بظاہر ایک مسلمہ سیاسی اکائی کے طور پر امریکہ سے ساتھ براہ راست مذاکرات کر رہے ہیں۔ چین، روس، ایران، پاکستان اور بھارت جیسے خطے کے اہم ملک بھی طالبان کے ساتھ میز پر بیٹھے ہیں۔ اس اعتبار سے انہوں نے سیاسی، سفارتی اور عسکری محاذوں پر مضبوطی حاصل کی ہے۔

تاہم تجزیہ کار یہ بھی کہتے ہیں کہ طالبان نے انتہائی سخت گیر روش ترک کر دی ہے۔ وہ خواتین کی تعلیم کی اب مخالفت نہیں کرتے۔ انگریزی پڑھنے سے بھی ان کو مسئلہ نہیں اور جدید ٹیکنالوجی بشمول میڈیا ٹیکنالوجی میں ان کے لوگ مہارتیں حاصل کر رہے ہیں۔

ان سترہ برسوں میں افغان طالبان کمزور ہوئے ہیں یا مضبوط؟ معروف دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب نے وائس آف امریکہ کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ امریکی حملے کے فورا بعد منتشر ہو جانے والے طالبان 2019 میں پہلے سے زیادہ منظم ہیں۔

’’2001 میں طالبان کے عسکریت پسند مکمل طور پر منتشر ہو گئے تھے۔ ان کے لیڈر جو بھاگ کر پاکستان آئے وہ ہم نے پکڑ پکڑ کر امریکہ کے حوالے کیے بشمول اسلام آباد میں افغان سفیر ملا عبدالسلام ضعیف کے۔ لیکن آج اتنا وقت گزرنے کے بعد ان کی حکمت عملی درست ہو چکی، وہ پہلے سے زیادہ منظم ہیں‘‘

میر ویس افغان، افغانستان سے تعلق رکھنے والے صحافی ہیں جو لندن میں مقیم ہیں اور ایک خبررساں ادارہ چلا رہے ہیں۔ وہ بھی کہتے ہیں کہ طالبان کے کئی کمانڈرز کئی لیڈرز پکڑے یا مارے گئے یا طبعی موت کے سبب دنیا میں نہیں رہے لیکن آج بھی نیا خون ان کی صفوں میں شامل ہو رہا ہے۔ وہ عسکری طور پر مضبوط ہیں۔

’’ طالبان پہلے صرف مقامی مخالفین سے لڑ رہے تھے، جیسے شمالی اتحاد کے خلاف اور دیگر مخالفین کے خلاف لیکن اس وقت پوری دنیا کی اتحادی فوج سے لڑنے میں مصروف ہیں۔ انہیں پڑوسی ملکوں ایران اور پاکستان سے مدد بھی پہنچ جاتی ہے۔ ان کے پاس وسائل بھی پہلے سے زیادہ ہیں‘‘۔

سفارتی اور سیاسی اعتبار سے طالبان 2001 کے مقابلے میں کہاں کھڑے ہیں؟ میر ویس افغان کہتے ہیں کہ آج پاکستان، ایران، روس چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر کئی ملکوں کے ساتھ طالبان کے سفارتی رابطے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں تو مذاکرات کا مقام سعودی عرب سے قطر تبدیل کرا دیتے ہیں‘‘۔

چوہدری نعمان ظفر واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک ہڈسن انسٹی ٹیوٹ سے ساتھ وابستہ رہ چکے ہیں۔ وہ بھی کہتے ہیں کہ افغان طالبان 17 برس پہلے کی نسبت آج زیادہ مضبوط دکھائی دے رہے ہیں۔ مذاکرات کی میز پر ان کے ساتھ امریکہ سمیت بڑے ملکوں کا موجود ہونا ان کی حربی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ داعش کی خطے میں موجودگی سے خطرات کے پیش نظر ایران اور چین جیسے ملک ان کو کھل کر فوجی امداد بھی فراہم کر رہے ہیں۔

’’2001 میں تو صرف پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات طالبان کو تسلیم کرتے تھے۔ آج چین، روس، ایران سمیت کئی ملک ان کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ بارہ بارہ ملکوں کے اجلاس میں وہ شرکت کرتے ہیں‘‘۔

میر ویس افغان بھی کہتے ہیں کہ افغان طالبان صرف خطے کے ملکوں سے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا سے وابستہ نظر آتے ہیں۔

سینیر صحافی کا کہنا ہے کہ ان 17 برسوں نے طالبان کو تبدیل بھی کیا ہے۔ آج وہ پہلے جیسے سخت گیر نہیں رہے۔ خواتین کی تعلیم کی مخالفت نہیں کرتے اور اپنے لوگوں کو انگریزی زبان اور جدید ٹیکنالوجی سیکھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

’’طالبان اب خواتین کی تعلیم کے خلاف نہیں، وہ سخت گیر سزائیں بھی کھلے عام دینے سے گریز کرتے ہیں۔ وہ سزاوں کی وڈیوز بھی جاری نہیں کرتے۔ لوگ بنا داڑھی کے ان کی صفوں میں شامل ہیں۔ وہ اب انگریز ی بھی پڑھتے ہیں تاکہ باہر کی دنیا سے بات چیت کر سکیں۔ وہ ٹیکنالوجی کو بھی قبول کر رہے ہیں۔ اس طرح سخت گیری کے اعتبار سے طالبان جہاں کھڑے تھے، آج وہاں سے کافی مختلف جگہ پر کھڑے ہیں‘‘۔

جرنل امجد شعیب کہتے ہیں کہ دنیا میں پچھلی دو دہائیوں میں آنے والی بڑی تبدیلیوں پر طالبان نے خوب نظر رکھی ہے اور اپنے مفادات کو دوسرے ملکوں کے ساتھ جوڑا ہے۔

’’صرف نائن الیون سے ہی دنیا تبدیل نہیں ہوئی، یوکرائن کے حالات (روسی مداخلت) مشرق وسطی میں داعش کا ابھرنا، شام کا مسئلہ، ایسے عوامل نے دنیا کے ملکوں کی صف بندیوں میں تبدیلیاں بپا کی ہیں اور طالبان نے خود کو ان بدلتے ہوئے حالات سے دور نہیں رکھا بلکہ کئی ملکوں کے مفادات سے خود کو جوڑا ہے‘‘۔

نعمان ظفر بھی اس نقطہ نظر کی تائید کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ فقہی اختلافات کے باوجود ایران کھل کر طالبان کی مدد کر رہا ہے اور گزشتہ ہفتے طالبان کے وفد نے ایران کا دورہ بھی کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا بہرحال یہ بھی کہنا ہے کہ سفارتی، سیاسی اور حربی میدانوں میں کامیابی کے باوجود طالبان کابل پر قبضے کے قوت نہیں رکھتے۔ فضائی قوت کا فقدان ان پر بھی واضح کر چکا ہے کہ انہیں دنیا کے ساتھ مل کر ہی چلنا ہو گا۔ وہ افغانستان کے سیاسی حل کی کوششوں میں شامل ہوئے بغیر اقتدار کا حصہ نہیں بن سکتے۔

  • 16x9 Image

    اسد حسن

    اسد حسن دو دہائیوں سے ریڈیو براڈ کاسٹنگ اور صحافتی شعبے سے منسلک ہیں۔ وہ وی او اے اردو کے لئے واشنگٹن ڈی سی میں ڈیجیٹل کانٹینٹ ایڈیٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG