رسائی کے لنکس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

طالبان امریکہ کے ساتھ تعلقات کی نئی شروعات چاہتے ہیں، ترجمان سہیل شاہین

سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ "ہم نئی شروعات چاہتے ہیں۔ اب یہ امریکہ پر منحصر ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کام کرے گے یا نہیں۔ وہ افغانستان میں غربت کے خاتمے، تعلیم کے شعبے، اور افغانستان کے بنیادی ڈھانچے کو کھڑا کرنے میں مدد کرتا ہے یا نہیں۔

02:29 15.9.2021

عالمی برادری مل کر افغان مہاجرین کا مسئلہ حل کرے، ترکی

ترکی میں افغان مہاجرین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔
ترکی میں افغان مہاجرین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

ترکی نے دنیا بھر کے ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ افغان مہاجرین کو بسانے کے معاملے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ​ترکی کا اصرار ہے کہ پہلے ہی دنیا بھر کے مقابلے میں مہاجرین کی سب سے بڑی تعداد یہاں پناہ لئے ہوئے ہے اور یہ کہ وہ مہاجرین کا مزید بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں رکھتا۔

استنبول سے وائس آف امریکہ کے نمائندے ڈوریان جونز کے مطابق افغانستان پر بلائے گئے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے وزیر خارجہ میولت چاوش اولو نے خبردار کیا کہ لاکھوں افغان شہریوں کا یوں در بدر ہونا انسانی المیہ ہے اور یہ وقت مل کر اقدامات کرنے کا ہے۔

موجودہ صورتحال پر چاوش اولو کا کہنا تھا کہ افغانستان میں انسانی اور سکیورٹی بحران کے مضمرات پوری دنیا پر نمودار ہوں گے، اس لئے عالمی برادری کو مل کر جلد اس مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہئے۔

ترکی کو خدشہ ہے کہ بڑی تعداد میں ملک چھوڑ کر یورپ کی طرف رخ کرنے والے افغان پناه گزیں جلد ہی اس کی سرحدوں پر دکھائی دیں گے جو اس کے موجودہ نظام پر بوجھ بڑھا دیں گے۔

غیرقانونی طور پر ترکی پہنچنے والے افغان پناہ گزینوں کی روداد

گزشتہ ہفتے ہی اقوام متحدہ کے کمشنر برائے مہاجرین، فلیپو گرانڈی نے ترکی کے چار روزہ دورے میں چالیس لاکھ کے قریب شامی پناہ گزینوں کو پناہ دینے پر ترک حکومت کی تعریف کی تھی۔

یاد رہے کہ یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت ترکی کو شامی مہاجرین کو پناہ دینے کے عوض کئی ارب ڈالر کی مالی امداد ملتی ہے۔

یورپی یونین کے کچھ سربراہان پہلے ہی اسی ڈیل میں افغان مہاجرین کو بھی شامل کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق، مہاجرین کو اپنے ملک سے قریب ترین مقام پر ہی ٹھہرایا جانا چاہیے۔

دوسری جانب ترکی کی حکومت، حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کی جانب سے اس کی پناہ گزیں پالیسی پر شدید تنقید کی زد میں ہے۔ حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ عالمی برادری پناہ گزینوں کا بوجھ ترکی پر ڈال رہی ہے اور یورپی یونین کے ساتھ معاہدہ کسی عام لین دین سے بڑھ کر نہیں جس میں یورپی یونین خود کو مہاجرین کی آمد سے بچانے کے لئے ترکی کو بس کچھ رقم دے رہی ہے۔

معاہدے میں افغان مہاجرین کی شمولیت پر ترکی کو آمادہ کرنے کے لئے یورپی یونین کے اعلیٰ حکام کا وفد گزشتہ ہفتے ہی انقرہ گیا تھا۔ تاہم، اس ملاقات میں ترکی نے واضح کیا کہ وہ مہاجرین کا مزید بوجھ برداشت نہیں کر سکتا اور یورپی یونین اب یہ بوجھ بٹانے کے لئے آگے بڑھنا ہوگا۔

اس صورتحال پر بعض ماہرین کا تجزیہ ہے کہ ترکی یورپی یونین سے مزید رقم چاہتا ہے۔ تاہم، بین الاقوامی تعلقات کے ماہر سول اوزیل کا کہنا ہے کہ عوامی حمایت حاصل کرنے کے لئے ترک صدر رجب طیب اردگان کے لئے اب محض امداد کے وعدے کافی نہیں ہونگے۔

مزید سہولیات جس میں ترک شہریوں کے لئے یورپ میں بغیر ویزہ آمد جیسی ترغیبات شامل ہوسکتی ہیں، ایسے کسی معاہدے کو ممکن بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں مگر یورپی یونین اس کے لئے آمادہ نہیں ہوگی۔

ترک شہریوں کے لئے بغیر ویزہ یورپ کے سفر کی اجازت شامی مہاجرین پر کی گئی ڈیل کا بھی حصہ تھی مگر یورپی یونین کے بعض ارکان کی مخالفت کے باعث آج تک اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔

02:25 15.9.2021

افغانستان سے انخلا، سینیٹ کمیٹی کے بلنکن سے سخت سوالات

بلنکن سینیٹ کمیٹی میں سوالات کے جواب دے رہے ہیں۔ 14 ستمبر 2021
بلنکن سینیٹ کمیٹی میں سوالات کے جواب دے رہے ہیں۔ 14 ستمبر 2021

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے اس بات کا عہد کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کی مدد سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کی امداد جاری رکھی جائے گی۔ اس سے ایک ہی روز قبل امریکہ نے کہا تھا کہ وہ انسانی ہمدردی کے نئے اعانتی پیکیج کے ضمن میں تقریباً چھ کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔

امریکی اعلیٰ سفارت کار نے منگل کے روز سینیٹ میں قانون سازوں کی جانب سے کیے گئے سخت سوالوں کے جواب دیے، جن کا تعلق گزشتہ ماہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا سے تھا۔

بلنکن نے کہا کہ ''اضافی رقوم کی فراہمی سے صحت اور غذا سے متعلق شدید نوعیت کی ضروریات پوری کی جاسکیں گی، جب کہ خواتین، بچوں اور اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی، جس میں بچیاں بھی شامل ہیں جنھیں دوبارہ اسکول جانے میں مدد دی جائے گی''۔

امریکی اعانت کی مد میں کی جانے والی یہ کاوش طالبان کے ذریعے نہیں بلکہ براہ راست افغان عوام تک پہنچائی جائے گی۔ اس امداد کی فراہمی کے بعد اس مالی سال کے دوران امریکہ کی جانب سے افغان عوام کو تقریباً 33 کروڑ ڈالر کی مالیت کی مدد فراہم ہو جائے گی۔

امریکی وزیرِ خارجہ کا افغانستان سے انخلا کا دفاع

اقوام متحدہ نے سال کی باقی مدت کے لیے ایک کروڑ 10 لاکھ افراد کو غذا، صحت کی دیکھ بھال، پناہ اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے لیے 60 کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کے عطیات کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔

ایسے میں جب کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کا منگل سے آغاز ہو رہا ہے، یہ بات ابھی واضح نہیں کہ آیا اس سال کے بین الاقوامی اجتماع میں افغانستان کی نمائندگی طالبان قیادت کرے گی یا نہیں؟

سینیٹ کمیٹی کے سربراہ،بوب مینڈیز نے کہا کہ یہ خام خیالی ہے کہ طالبان اپنے وعدے پورے کریں گے اور امریکہ کو مختلف قسم کے نتائج کی توقع ہے،

انھوں نے دیگر ملکوں سے کہا کہ وہ دو طرفہ بنیادوں پر طالبان کی حکومت کو تسلیم نہ کریں۔

'افغان خواتین نے بہت کچھ گنوا دیا ہے'

سینیٹر مینڈیز کے الفاظ میں، ''اب ہمیں یہ معلوم ہو چکا ہے کہ طالبان سیاسی راستہ اپنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ القاعدہ سے مراسم ترک کرنے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں۔ اور وہ نہیں چاہتے کہ خواتین کو اپنے حقوق دیے جائیں، اور وہ انھیں یہ حقوق نہیں دیں گے، جس سے وہ معاشرے کی ترقی میں مکمل طور پر شریک ہو سکتی ہیں''۔

ریاست اڈاھو سے تعلق رکھنے والے، سینیٹر جیمز رچ نے، جو سینیٹ کے ایوان میں ری پبلکن پارٹی کے چوٹی کے راہنما ہیں، کہا ہے کہ حالیہ کارروائی کے دوران جس ملک نے بھی طالبان کو حمایت فراہم کی، اس کے امریکہ کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کا درجہ گھٹا دینا چاہیے۔

پیر کے روز ایوانِ نمائندگان کی امور خارجہ کمیٹی کے روبرو سماعت کے دوران، بلنکن نے کہا تھا کہ انھوں نے ذاتی طور پر طالبان قیادت کے ارکان سے بات نہیں کی۔

اس ضمن میں، انھوں نے منگل کے روز مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری سے اپنے آپ کو تسلیم کرانے کے معاملے کا انحصار طالبان کے طرز عمل پر ہے۔

03:48 14.9.2021

افغانستان میں مخلوط تعلیم پر پابندی لگ گئی

افغانستان میں طالبان حکومت کے نئے اعلان کے مطابق سرکاری اور نجی یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں میں خواتین کے لئے علیحدہ انتظامات کرنے کے بعد خواتین اپنی اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکتی ہیں۔

اسلام آباد میں وائس آف امریکہ کے نامہ نگار ایاز گل کے مطابق طالبان کی عبوری حکومت میں وزیر تعلیم، عبدالباقی حقانی نے پریس کانفرنس کے دوران نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے اس کے دفاع میں کہا کہ مخلوط طرز تعلیم صرف اسلامی تعلیمات کےہی نہیں افغان ثقافت کے بھی خلاف ہے۔

وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ خواتین کو صرف خواتین اساتذہ ہی پڑھائیں گی اور یہ کہ ملک میں خواتین اساتذہ کی کمی نہیں۔ تاہم، اسلامی تعلیمات کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مرد اساتذہ کو بھی ضرورت کے تحت خواتین کو پڑھانے کی اجازت ہوگی۔

اس کی مزید وضاحت دیتے ہوئےعبدالباقی نے کہا کہ مرد اساتذہ شرعی قوائد کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے پردے کے پیچھے یا پھر وڈیو سکرینز کی مدد سے پڑھا سکیں گے۔

انہوں نے کہا ان کی حکومت افغانستان میں گزشتہ بیس سال کے دوران تعلیمی میدان میں حاصل کی گئی ترقی کے سلسلے کو جاری رکھنا چاہتی ہے مگر اس کے لئے مخلوط طرز تعلیم کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

عبدالباقی حقانی نے کہا کہ ''ہم نئے سرے سے شروعات کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، ہم پہلے سے حاصل شدہ کامیابیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے زیادہ توجہ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں''.

بیس سال بعد ایک بار پھر افغانستان میں حکومت بناتے وقت طالبان نے انسانی حقوق کے دفاع کے ساتھ اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی تھی کہ اس بار خواتین تعلیم بھی حاصل کر پائیں گی اور ملازمت کی بھی حقدار ہونگی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، طالبان کا یہ اقدام عالمی تنہائی سے بچنے اور مالی عدم استحکام سے دو چار افغانستان کے لئے بین الاقوامی امداد کو جاری رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

تاہم، کابل کی نئی حکومت سے کسی بھی قسم کے سفارتی مراسم قائم کرنے سے پہلے امریکہ سمیت عالمی برادری بہت غور سے یہ بات جانچ رہی ہے آیا طالبان واقعی ماضی کے برعکس اپنا سخت گیر اور پر تشد طرز حکمرانی ترک کر چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے عالمی میڈیا میں کابل یونیورسٹی کے اندر سرتا پا سیاہ برقعے میں ملبوس خواتین کے گروپ کی تصاویر منظر عام پر آئیں تھیں۔ اس کے بعد یہ خواتین طالبان حکومت، خواتین کے لباس کے حوالے سے نئے احکامات اور مردوں اور عورتوں کے لئے علیحدہ کلاس رومز کے حق میں ریلی نکالتی بھی نظر آئی تھیں۔

کرونا وبا کی وجہ سے افغانستان کی سرکاری جامعات تاحال بند ہیں۔ تاہم، گزشتہ ہفتے نجی یونیورسٹیز میں کلاس رومز میں مرد اور خواتین طالبات کے درمیان پردے ڈال کر تعلیم کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

عبدالباقی حقانی نے ملک میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کو درپیش مالی مشکلات اور محدود انفراسٹرکچر کا اعتراف کرتے ہوئے تجویز دی کہ ''جن جامعات کی استعداد ہے وہ مرد و خواتین کے لئے علیحدہ کلاس رومز کا بندو بست کریں، جو یہ نہ کر پائیں وہ عورتوں اور مردوں کے لئے تعلیم کے علیحدہ اوقاتِ کار رکھیں یا پھر طلبہ اور طالبات کے درمیان پردہ حائل رکھیں''.

03:45 14.9.2021

افغانستان میں زندگیاں بچانے کے لیے فوری امداد کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی سیکرٹری جنرل گوتریس اور عالمی امدادی ادارے کے سربراہ جنیوا کانفرنس سے قبل بات چیت کر رہے ہیں۔ 13 ستمر 2021
اقوام متحدہ کی سیکرٹری جنرل گوتریس اور عالمی امدادی ادارے کے سربراہ جنیوا کانفرنس سے قبل بات چیت کر رہے ہیں۔ 13 ستمر 2021

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے پیر کے روز اقوام عالم پر زور دیا ہے کہ افغانستان کے عوام کے ساتھ اپنی یک جہتی کا اظہار کریں اور اس ملک کے لیے عطیات دیں جسے انسانی ہمدردی کی مدد کے سلسلے میں لاکھوں ڈالر کی فوری ضرورت ہے۔

جنیوا میں ہونے والی ایک کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لوگوں کو جان بچانے کے لیے امداد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد یہ نہیں ہے کہ ہم افغانستان کے لوگوں کو کیا دیں گے، بلکہ یہ کانفرنس اس بارے میں ہے کہ افغانستان کے باشندوں کا ہم پر کتنا قرض ہے۔

اقوام متحدہ نے اس سال کے باقی ماندہ مہینوں کے لیے 606 ملین ڈالر کی امداد کی اپیل کی ہے جسے افغانستان میں ایک کروڑ 10 لاکھ لوگوں کو خوراک کی فراہمی، صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی ضروریات پر صرف کیا جائے گا۔

گوٹریس نے کہا ہے کہ اس فوری امداد کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں انسانی ہمدردی کی امداد اور امدادی کارکنوں کی ملک بھر میں محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے خواتین کے حقوق کے تحفط اور ملک کی معیشتت کو مکمل تباہی سے بچانے کے لیے لوگوں کے روزگار کے تحفظ پر بھی زور دیا۔

طالبان کو ایک بڑا معاشی چیلنج درپیش ہے، ماہرینِ معاشیات

15 اگست کو کابل پر طالبان کے قبضے سے پہلے ہی افغانستان میں انسانی ہمدردی کی صورت حال تباہی کے کنارے پر پہنچ چکی تھی جس میں برسوں سے جاری لڑائیوں، خشک سالی اور کوویڈ-19 کے پھیلاؤ نے مزید اضافہ کیا۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ملک میں غربت کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوامی خدمات کے شعبے تباہی کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ اس مہینے کے اختتام تک کھانے پینے کی اشیا بہت سے لوگوں کی پہنچ سے دور ہو جائیں گی جس کی وجہ قیمتوں میں مسلسل اضافہ، تنخواہوں کی بندش اور لوگوں کی بچتوں کا ختم ہونا ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سردیوں کی آمد قریب ہے اور موسم سرما شروع ہونے کے بعد بہت سے علاقوں تک رسائی محدود ہو جانے سے صورت حال مزید خراب ہو جائے گی۔

عالمی ادارہ خوراک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ بیسلے نے کانفرنس کو بتایا کہ ایک کروڑ 40 لاکھ افغان باشندے قحط کے دہانے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں ہر تین میں سے ایک شخص کو خوراک نہ ملنے کا خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں یہ معلوم نہیں ہے کہ انہیں اگلے وقت کا کھانا ملے گا بھی یا نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مزید ایک کروڑ 40 لاکھ لوگوں کو بھی اس صورت حال کا سامنا ہو سکتا ہے۔

افغانستان میں 35 لاکھ لوگ اندرونی طور پر بے گھر ہوئے ہیں: اقوامِ متحدہ

انہوں نے کانفرنس کے شرکا کو بتایا کہ اگر ہم نے بہت زیادہ احتیاط نہ کی تو صورت حال انتہائی تباہ کن ہو جائے گی اور حالات اس سے بھی کہیں زیادہ خراب ہو جائیں گے جو اب ہم دیکھ رہے ہیں۔

یونیسیف کی ڈائریکٹر جنرل ہنریٹا فورے نے کانفرنس میں کہا کہ افغانستان میں تقریباً ایک کروڑ لڑکیوں اور لڑکوں کا جینے کا انحصار انسانی ہمدردی کی امداد پر ہے۔ اس سال تقریباً دس لاکھ بچوں کو شدید غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا اور علاج معالجے کے بغیر وہ مر سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ نے اپنے ہنگامی فنڈ میں سے فوری طور پر دو کروڑ ڈالر کی رقم جاری کی ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ملک میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس وقت اندرون ملک بے گھر افراد کی تعداد 35 لاکھ ہے جن میں سے پانچ لاکھ افراد حالیہ مہینوں میں بے گھر ہوئے ہیں۔

پناہ گزینوں کے عالمی ادارے کے ہائی کمشنر فلیپو گراننڈی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے پیر کے روز کابل پہنچ گئے ہیں۔

وہ کہتے ہیں ملکی معیشت اور سروسز کے شعبوں کی تباہی سے صورت حال میں مزید ابتری آنے کا خدشہ ہے اور بڑے پیمانے پراندورن ملک اور بیرونی ملکوں کی جانب نقل مکانی ہو سکتی ہے۔

اقوام متحدہ کے امداد سے متعلق چیف گریفیتھس نے گزشتہ ہفتے کابل کا دورہ کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ وہاں طالبان حکام سے ملے ہیں جنہوں نے امدادی سرگرمیوں اور امدادی کارکنوں سے تعاون کرنے، ان کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ یقین دہانی تحریری شکل میں بھی کرائی گئی ہے جس میں خواتین کے حقوق کا تحفظ اور اقلیتوں کی حفاظت کی ضمانت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں افغان باشندوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس طرح کی صورت حال میں پابندیاں لگانے یا رکن ممالک کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے اقدامات میں لازمی طور پر انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں اور اس کے دائرہ کار کو خارج کیا جانا ضروری ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG