رسائی کے لنکس

کراچی میں ٹیچرز اور بچوں کا ادبی میلہ جمعرات کو شروع ہوگا


ٹیچرز کے ادبی میلے میں 2000 سے زائد اساتذہ کی شرکت متوقع ہے، جبکہ چلڈرن فیسٹیول میں 20 ہزار بچے شریک ہوں گے

کراچی میں جمعرات 20 فروری سے ٹیچرز کا ادبی میلہ شروع ہونے والا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ 21 اور 22 فروری کو آرٹس کونسل کراچی میں ہی بچوں کا گیارہواں ادبی میلہ بھی منعقد ہوگا۔

’چلڈرن لٹریچر فیسٹیول‘ کی ڈائریکٹر رومانہ حسین نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ٹیچرز کے ادبی میلے میں 2000 سے زائد اساتذہ کی شرکت متوقع ہے، جبکہ چلڈرن فیسٹیول میں 20 ہزار بچے شریک ہوں گے۔

رومانہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہونے والا یہ دوسرا چلڈرن لٹریچر فیسٹیول ہے۔ اس سے قبل لاہور، کوئٹہ، کراچی، بہاولپور، پشاور، اسلام آباد اور سوات میں لٹریچر فیسٹیول ہوچکے ہیں۔

رومانہ کے مطابق ’ادارہ تعلیم و آگاہی‘، ’اکسفورڈ یونیورسٹی پریس‘، ’اوپن سوسائٹی فانڈیشنز‘، ’کراچی یوتھ انیشی ایٹییو‘ اور ’آرٹس کونسل آف پاکستان‘ کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

ادبی میلے کا مقصد ملک اور بیرون ملک مطالعہ، تخلیقی ادب اور تنقیدی فکر کو فروغ دینا ہے۔ میلے میں بچوں کے لئے خصوصی دلچسپی کا خیال رکھا گیا ہے۔ بچوں کی دلچسپی اور انہیں ادب و ادیبوں سے لگاوٴ کی غرض سے مختلف شخصیات کے نام سے منسوب کردہ ہالز سجائے گئے ہیں، مثلاً” شاہ لطیف بھٹائی، کتاب گھر، شیخ چلی، عمرو عیار، ٹوٹ بٹوٹ، کوہ سمورغ، قصہ سرائے، طوطا کہانی اور کہانی گھر۔

چلڈرن فیسٹیول میں اردو، سندھی، بلوچی، پشتو، گجراتی اور انگریزی زبانوں پر مشتمل20 کتابوں کی رونمائی بھی ہوگی۔ میلے میں بچے اپنے پسندیدہ مصنفین سے بھی ملاقات کرسکیں گے۔
XS
SM
MD
LG