رسائی کے لنکس

بائیڈن اور مودی کا آزاد اور وسیع علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق


پیر کے روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔
پیر کے روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اور اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ اور بھارت کرونا وائرس سے پھیلنے والی عالمی وبا کے خلاف جنگ، ماحولیاتی تبدیلی پر شراکت داری کی بحالی کے ساتھ ساتھ عالمی معیشت کی تعمیر نو کے لیے مل کر کام کریں گے۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پیر کو ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ ایک آزاد اور وسیع علاقائی تعاون کو فروغ دیں گے جس میں پانیوں ٘میں آزادانہ نقل و حرکت، علاقائی سالمیت اور ایک مضبوط اتحاد شامل ہے۔

دونوں رہنماؤں نے عالمی دہشت گردی کے خلاف مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

صدر بائیڈن نے دنیا بھر میں جمہوری اداروں کے دفاع کی اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بنیاد جمہوری اقدار کے ساتھ وابستہ ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ برما میں جمہوری عمل اور قانون کی حکمرانی کی حمایت کی جائے گی۔

دونوں رہنماؤں نے مختلف عالمی چیلنجز کے لیے قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا اور کہا کہ امریکہ اور بھارت دونوں مل کر اپنے اپنے ملک اور عوام کی خاطر کام کریں گے۔

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے صدر جو بائیڈن سے گفتگو کے دوران ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نریندر مودی کے بقول انہوں نے خطے کے مسائل اور مشترکہ ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG