رسائی کے لنکس

سندھ میں گرمی سے ہونے والی ہلاکتیں 850 سے متجاوز


محکمہٴ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ سے پری مون سون بارشوں کا امکان بھی ماند پڑگیا ہے کیوں کہ بارش کا سبب بننے والے بادل کراچی سے بن برسے بھارتی ریاست گجرات پہنچ گئے ہیں۔

چار روز تک قیامت خیز گرمی اور 850 سے زائد اموات کے بعد، بدھ کو کراچی کا موسم بہتر ہوگیا۔

بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہٴحرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ شہر میں سمندری ہوائیں بھی دوبارہ چلنا شروع ہوگئیں جن کے رک جانے کے سبب درجہ حرارت 45 ڈگری سے بھی زیادہ ہوگیا تھا۔

محکمہٴموسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ سے پری مون سون بارشوں کا امکان بھی ماند پڑگیا ہے، کیوں کہ بارش کا سبب بننے والے بادل کراچی سے بن برسے بھارتی ریاست گجرات پہنچ گئے ہیں۔ تاہم، کراچی میں جمعرات سے موسم جزوی آبر آلود رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب، اسپتالوں کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، صرف بدھ کے روز جناح اسپتال میں زیر علاج 50 سے زائد افراد لقمہٴاجل بن گئے۔

ادھر سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں 8، لیاقت نیشنل اسپتال میں 6، سول اسپتال میں 15، کورنگی میں 14، لیاقت آباد اسپتال میں 6 اور کے ایم سی کے اسپتالوں میں زیر علاج 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 850 سے زیادہ ہوگئی ہے۔

XS
SM
MD
LG