رسائی کے لنکس

ویت نام میں حکومت پر تنقید کرنے والے بلاگر کو 10 سال قید


ویت نامی بلاگر پولیس اہلکاروں کے ساتھ
ویت نامی بلاگر پولیس اہلکاروں کے ساتھ

ویت نام کے دارالحکومت ہنوئی کی ایک عدالت نے پیر کو ریڈیو فری ایشیا کے بلاگر ٹرونگ ڈوئی نہات کو دس سال قید کی سزا سنادی ہے۔ ان کے وکیل نے کہا ہے کہ فیصلہ غیر منصفانہ ہے اور پیشگی منصوبہ بندی کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔

حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنانے والے بلاگر کو جس مقدمے میں سزا سنائی گئی ہے، وہ لینڈ فراڈ کا ہے اور ان پر الزام ہے انھوں نے اپنی حیثیت اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

ریڈیو فری ایشیا کی ویت نامی سروس سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل ڈٰنگ ڈنھ منھ نے کہا کہ عدالت میں جو ثبوت پیش کیے گئے ان سے الزام ثابت نہیں ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ عدالت نے فیصلے کے بارے میں پہلے ہی ذہن بنالیا تھا کیونکہ سماعت بہت تیزی سے ہوئی اور سزا سخت سنائی گئی ہے۔

بلاگر ٹرونگ جنوری 2019 میں بنکاک سے لاپتا ہوگئے تھے۔ سرکاری حکام نے دو ماہ بعد ان کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔ وہ حکومت پر تنقید کرنے پر 2013 سے 2015 تک بھی قید بھگت چکے ہیں۔

صحافیوں کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے ویت نامی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلاگر کو فوری طور پر رہا کرے اور عدالت میں ان کی اپیل آئے تو اسے چیلنج نہ کرے کیونکہ ان پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں اور انھیں صحافت کی سزا دی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG