رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: بھارت سے مفرور مجرم گرفتار


گرمیت سنگھ ان چھ مشتبہ شدت پسندوں میں سے ایک تھا جنہوں نے بھارتی ریاست پنجاب میں 1995 میں ایک بم حملہ کر کے وزیراعلیٰ سمیت 15 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

تھائی لینڈ میں پولیس نے بھارت میں بیس سال قبل کیے گئے ایک بم حملے میں ملوث مفرور مجرم کو گرفتار کیا ہے۔

حکام کے مطابق گرمیت سنگھ عرف جگتار سنگھ تارا کو پیر کو مشرقی صوبے چونبوری سے گرفتار کیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کے مطابق گرمیت سنگھ ان چھ مشتبہ شدت پسندوں میں سے ایک تھا جنہوں نے بھارتی ریاست پنجاب میں 1995 میں ایک بم حملہ کر کے وزیر اعلیٰ سمیت 15 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

گرمیت 2004 میں جیل سے فرار ہو گیا تھا جب کہ اسے 2007ء میں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

شدت پسندوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ بیانت سنگھ کی گاڑی میں بم نصب کیا تھا جس کے پھٹنے سے وزیر اعلیٰ سمیت ان کے عملے اور گارڈز کے 12 ارکان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ تین زخمیوں نے بعد میں دم توڑا۔

اس واقعے کی ذمہ داری ببرخالصہ انٹرنیشنل نامی سکھ علیحدگی پسند تنظیم نے قبول کی تھی۔

تھائی نیشنل پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل پراووت تھاورنسری نے بتایا کہ گرمیت سنگھ اکتوبر میں تھائی لینڈ داخل ہوا تھا۔ "اسے گرفتار کرنے میں خاصا وقت لگا۔ ہم کچھ عرصے سے اس کام میں مشغول تھے لیکن ایک وقت یہ ہماری نگرانی سے نکل بھی گیا تھا۔"

پراووت کے گرمیت کو بھارت کے حوالے کر دیا جائے گا۔

بیانت سنگھ 1992 میں بھارتی ریاست کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے اور انھوں نے سکھ عسکریت پسندی کو کچلنے کا سلسلہ شروع کیا۔ اس دوران پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں سینکڑوں افراد مارے گئے۔

XS
SM
MD
LG