رسائی کے لنکس

کشمیر: تین روز سے جاری جھڑپ ختم، تینوں جنگجو ہلاک


تین مسلح جنگجو ہفتے کو پولیس اہلکاروں کو لے جانے والی ایک بس پر فائرنگ کے بعد ایک نزدیکی ٹریننگ سینٹر کی عمارت میں گھس کر مورچہ بند ہوگئے تھے۔

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز اور علیحدگی پسند جنگجووں کے درمیان گزشتہ تین روز سے جاری جھڑپ بالآخر ختم ہوگئی ہے۔

وادی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس غلام حسن بھٹ نے اتوار کو سری نگر میں صحافیوں کو بتایا کہ سکیورٹی اہلکار تینوں جنگجووں کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق تین مسلح جنگجو ہفتے کو پولیس اہلکاروں کو لے جانے والی ایک بس پر فائرنگ کے بعد ایک نزدیکی ٹریننگ سینٹر کی عمارت میں گھس کر مورچہ بند ہوگئے تھے۔

جنگجووں کے عمارت پر قبضے کے وقت وہاں 100 سے زائد افراد موجود تھے جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔

عمارت کا محاصرے کرنے والے بھارتی پولیس اور فوج کے اہلکاروں اور مورچہ بند جنگجووں کے درمیان تین روز تک فائرنگ کے تبادلے کے بعد بالآخر آخری جنگجو بھی اتوار کو مارا گیا۔

کارروائی میں بھارتی فوج کے تین کمانڈوز، دو پولیس اہلکار اور ایک عام شہری بھی ہلاک ہوا ہے۔

ایک سینئر فوجی اہلکار نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ جھڑپ حالیہ مہینوں کے دوران کشمیر کے علیحدگی پسند جنگجووں اور بھارتی سکیورٹی اداروں کے درمیان ہونے والی طویل ترین جھڑپ تھی۔

فوجی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جنگجووں نے جس عمارت میں پناہ لی تھی وہ خاصی وسیع و عریض تھی جس کے باعث اسے جنگجووں سے خالی کرانے میں وقت لگا۔

کشمیر کی وادی بھارت اور پاکستان کے درمیان تقسیم ہے اور دونوں ہی ممالک اس کی کلی ملکیت کے دعویدار ہیں۔ دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان اس تنازع پر ماضی میں دو جنگیں بھی ہوچکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG