رسائی کے لنکس

ٹک ٹاک پر اب 10 منٹ تک کی ویڈیو اپ لوڈ کرنا ممکن


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹیکنالوجی کی دنیا میں آئے روز نت نئی چیزیں آتی رہتی ہیں اور ہر کوئی ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں لگا رہتا ہے۔ ایسا ہی معروف پلیٹ فارمز کے درمیان بھی ہوتا ہے جونئے نئے فیچر ز سے صارفین کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس مرتبہ ایسا ہی کچھ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم 'ٹک ٹاک' کی جانب سے کیا گیا ہے اور اس نے پیر سے صارفین کو 10 منٹ تک کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا اختیار دینا شروع کردیا ہے جو دنیا کے مقبول ترین ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب کے لیے ایک چیلنج سمجھا جا رہا ہے۔

چین کی انٹرنیٹ کمپنی 'بائیٹ ڈانس' کی ملکیت ٹک ٹاک اپنی مختصر ویڈیو پر لپ سنکنگ، گانے اور انٹرٹینمنٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول پلیٹ فارم ہے۔ البتہ اس پر مختلف ممالک میں پابندیاں بھی لگتی رہتی ہیں۔

ٹک ٹاک پر پہلے مختصر دورانیے کی ویڈیو کا آپشن تھا جسے گزشتہ برس بڑھا کر تین منٹ تک کر دیا گیا تھا۔ البتہ اب کمپنی نے اس دورانیہ میں مزید تبدیلی کی ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا ہےکہ '' ہم 10 منٹ طویل تک کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا فیچر متعارف کرا کر خوش ہیں۔''

ٹک ٹاک انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ 'ہمیں امید ہے کہ یہ (فیچر) دنیا بھر میں ہمارے تخلیق کاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید بڑھائے گا۔'

واضح رہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے پلیٹ فارم میں یہ تبدیلی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب اور فیس بک' نے اپنے صارفین کے لیے بھی مختصر دورانیے کا فیچر 'شوٹس' اور 'ریل' کی صورت میں متعارف کرایا ہواہے۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین تیس سیکنڈ سے ایک منٹ تک کی مختصر ویڈیو بنا سکتے ہیں۔

یو ٹیوب نے بھی رواں سال کے لیے اپنے اہداف مقرر کیے ہیں جس میں تخلیق کاروں کو سہولیات دینا اور پلیٹ فارم کو فروغ دینا شامل ہے۔

یوٹیوب کے چیف پروڈکٹ آفیسر نیل موہن کے مطابق ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فار تخلیق کاروں کو رقم کمانے اور نیا مواد تیار کرنے میں مدد فراہم کرنے والے ٹولز کے ساتھ مختصر دورانیے اور براہ راست ویڈیو میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

موہن نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ 'یوٹیوب کے تخلیق کار پلیٹ فارم کا دل اور روح ہیں۔ انہیں ہرممکن موقع دینے کے لیے ہم کئی فارمیٹس میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔

'اے ایف پی' کے مطابق انسائڈر انٹیلی جنس ماہر جیسمین انبرگ کا کہنا ہے کہ ''وقت گزارنے کے لحاظ سے یوٹیوب اب بھی ٹک ٹاک سے آگے ہے لیکن یہ ٹک ٹاک کے اثر سے محفوظ نہیں ہے۔''

ان کے بقول دونوں پلیٹ فارمز کے درمیان وقت گزارنے کا فرق کم ہے اور طویل ویڈیو ٹک ٹاک کو مدد دے سکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ طویل دورانیے کی ویڈیوز ٹک ٹاک کریئیٹرز (تخلیق کاروں) کو زیادہ رقم بنانے اور پلیٹ فارم کے اشتہارات کے کاروبار کو فروغ دینے میں مدد دے سکتی ہیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG