رسائی کے لنکس

رمضان میں صحت مند رہنے کے آسان طریقے


اس برس رمضان کی آمد شدید گرمیوں میں ہوئی ہے۔ اس لیے روزے داروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس موسم کو مدِنظر رکھتے ہوئے رمضان کی تیاری کریں

رمضان کا مہینہ مسلمانوں کے لیے بہت ہی مقدس ہے، جس میں روزے رکھ کر وہ نہ صرف اللہ کا حکم مانتے ہیں بلکہ پورا ماہ اپنے نفس پر قابو پانے کی مشق بھی کرتے ہیں۔

مگر طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزے میں مذہبی عبادات کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ انسان اس مہینے میں اپنی صحت کو نہ بھولے۔

گویا انسان کے لیے ضروری ہے کہ اس کے جسم میں پانی کی مقدار صحیح ہو، وہ رمضان کے دوران اعتدال میں کھائے اور اس بات کو بھی یقینی بنائے کہ اسے مناسب آرام میسر ہے۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ رمضان میں اکثر و بیشتر لوگوں کو جسم میں شوگر اور پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش رہتا ہے۔ چونکہ، اس برس رمضان شدید گرمیوں میں ہے، اس لیے روزے داروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس موسم کو مدِ نظر رکھتے ہوئے رمضان کے مہینے کی تیاری کریں۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ چند چھوٹی باتوں کا دھیان رکھ کر مسلمان روزے میں بھی اپنی صحت کا خیال رکھ سکتے ہیں۔


افطار پر اعتدال سے کھانا:
شام میں افطار پر اعتدال سے خوراک لینی چاہیئے۔ کوشش کرنی چاہیئے کہ چینی اور چربی سے بنی چیزوں سے پرہیز کیا جائے، کیونکہ یہ کھانے نہ صرف انسانی میٹابولیزم پر منفی اثرات ڈالتے ہیں، بلکہ اس سے سر میں درد ہو سکتا ہے اور انسان تھکاوٹ محسوس کرتا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ روزہ کھولنے کے لیے کھجور اور دہی، پانی اور تازہ پھلوں کا رس استعمال کرنا چاہیئے۔ اس کے بعد دس منٹ تک انتظار کرنے کے بعد ایسی خوراک لینی چاہیئے جس میں معدنیات زیادہ ہوں۔

سحری ضروری ہے:
بعض اوقات ہم کاہلی کا شکار ہوتے ہیں اور نیند کے باعث سحری پر نہیں اٹھ پاتے۔

طبی ماہرین کے نزدیک یہ رویہ غلط ہے۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ سحری ضرور کرنی چاہیئے اور سحری میں ایسی غذا استعمال کرنی چاہیئے جس میں کاربوہائیڈریٹس زیادہ ہوں جیسا کہ روٹی اور دالیں۔

مکمل نیند لیں:
رمضان عبادات کا مہینہ ہے۔ بعض اوقات رمضان میں نیند کے دورانیے میں کمی آ جاتی ہے جو کہ غلط رجحان ہے اور انسان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ سب کو کوشش کرنی چاہیئے کہ دن کے 24 گھنٹے میں سے کم از کم 8 گھنٹے سویا جائے۔

ورزش کو نہ بھولیں:
رمضان کے مہینے کا قطعاً یہ مقصد نہیں کہ انسان اپنی زندگی میں سے ورزش کو بالکل جگہ نہ دے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ رمضان میں ہلکی ورزش کرنی چاہیئے مگر ورزش کو اپنا معمول ضرور بنانا چاہیئے۔ رمضان میں پیدل چلنے کو اپنا معمول بنائیں۔

XS
SM
MD
LG