رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کا دورہ بھارت اور صفائی کی مہم


صدر ٹرمپ کی آمد کے موقع پر احمد آباد کی سڑکوں پر صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم مودی کے پوسٹر لگائے جا رہے ہیں۔ 19 فروری 2020
صدر ٹرمپ کی آمد کے موقع پر احمد آباد کی سڑکوں پر صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم مودی کے پوسٹر لگائے جا رہے ہیں۔ 19 فروری 2020

صدر ٹرمپ 24 فروری کو دو روزہ دورے پر بھارت پہنچ رہے ہیں۔ اپنے اس دورے میں وہ نئی دہلی، احمد آباد اور لکھنؤ بھی جائیں گے۔ آج کل ان تینوں شہروں میں صفائی ستھرائی کی مہم زوروں پر ہے۔ خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں سے ان کے قافلے کا گزر ہو گا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کے تینوں شہروں میں گویا صفائی ستھرائی کا مقابلہ جاری ہے۔ زور شور سے جاری اس مہم کے باعث کئی علاقوں کے رہائشیوں کے لیے مسائل بھی کھڑے ہو گئے ہیں اور وہ شکائتیں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

احمد آباد کے دورے میں صدر ٹرمپ کے قافلے کو جس سٹرک سے گزرنا ہے اس کے ایک حصے کے اطراف میں کچی آبادیاں اور غریبوں کی بستیاں ہیں۔ انہیں امریکی مہمانوں کی نگاہوں سے چھپانے کے لیے سٹرک کے ساتھ دیواریں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت انہیں زندگی کی بنیادی سہولتیں تو فراہم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے لیکن امریکیوں سے اپنے لوگوں کی غربت کو پوشیدہ رکھنے کے لیے بے دریغ فنڈز خرچ کر رہی ہے۔

اپنے اس دورے میں صدر ٹرمپ مغل شہنشاہ شاہ جہان کی محبت کی یادگار تاج محل کو دیکھنے آگرہ بھی جائیں گے۔ وہاں ان دنوں صفائی ستھرائی کا کام زوروں پر ہے۔ آگرہ کے پاس سے دریائے جمنا گزرتا ہے جس کا پانی بہت زیادہ آلودہ ہوتا ہے۔ دریائی پانی سے متعلق ایک عہدے دار جال سنگھ مینا نے میڈیا کو بتایا کہ پیر کو صدر ٹرمپ کے دورے سے پہلے 17 ملین لٹر اضافی پانی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ صاف دکھائی دے۔ پانی کی یہ مقدار معمول سے دو گنا زیادہ ہے۔

عہدے داروں نے رائٹرز کو بتایا کہ انہیں حکم ملا ہے کہ کوڑا کرکٹ اٹھا دیا جائے اور بو کو ختم کر دیا جائے۔ ہفتے کے روز کارکنوں نے تاج محل کے احاطے میں فواروں اور دیواروں کو صاف کیا۔ تاج محل 1632 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اسے دنیا کے عجائبات میں شمار کیا جاتا ہے۔

اسی طرح دہلی کی بھی سڑکیں اور وہ علاقے صاف کیے جا رہے ہیں، جہاں سے صدر ٹرمپ کا گزر ہو گا یا جہاں وہ جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG