رسائی کے لنکس

برطانیہ: اسپتالوں اور کلینک کے لیے ہوٹل طرز کی ستارہ ریٹنگ متعارف


مجوزہ قوانین کے تحت بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والے کئیر ہومز ، ہسپتالوں اور ڈاکٹر کی کلینک کےصدر دروازوں اور انتظار گاہوں کےداخلی راستوں پر ہوٹلوں کی طرز کی ستارہ ریٹنگ آویزاں کی جائے گی۔

برطانیہ میں نئے قوانین کے تحت بزرگوں کے کئیر ہومز، ڈاکٹر کے کلینک اور اسپتالوں کے صدردروازوں اور استقبالیہ پرہوٹل کی طرز کی ستارہ ریٹنگ آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔ قیاس ہے کہ نئے قوانین کا اطلاق اپریل سے ہوگا۔

روزنامہ ایکسپریس کے مطابق صحت کی دیکھ بھال کی تنظیموں کو معیار کے معائنے کی درجہ بندی کو ظاہر کرنا ہوگا اور ہوٹل کی طرز پر نوازی جانے والی ریٹنگ کا بورڈ نمایاں طورپر آویزاں کرنا ہوگا جبکہ جو لوگ ایسا کرنے میں ناکام ہوں گے انھیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مجوزہ قوانین کے تحت بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والے کیئر ہومز ، اسپتالوں اور ڈاکٹر کے کلینک کے صدر دروازوں اور انتظار گاہوں کے داخلی راستوں پر ستارہ ریٹنگ آویزاں کی جائے گی اور تنظیموں کو معائنہ رپورٹ ویب سائٹس پرشائع کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم پہلے سے اسکولوں، ہوٹلوں اور ریستورانوں پر لاگو ہونے والے معائنے کی درجہ بندی سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔ مجوزہ اسکیم کا مطلب یہ ہے کہ مریضوں کو اس بات کا علم ہونا چاہیئے کہ جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے وہاں سہولتوں کا معیار کیسا ہے، کیا وہ بہترین ہے، اچھا ہے یا پھر ناکافی ہے۔

مجوزہ قانون کے تحت سرکاری اور نجی صحت کی دیکھ بھال کی تنظیمیں جو ''این ایچ ایس" کا کام انجام دیتی ہیں ان کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ صحت کے نگرانوں کے ذریعے نوازے جانے والے معائنے کی درجہ بندی کو نمایاں طور ظاہر کریں ورنہ دوسری صورت میں ان پر 600 پونڈ سے زائد جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG