رسائی کے لنکس

شام میں جنگ بندی کےلیے ایران سے کوششوں کی اپیل


شام کےلیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی لخدار براہیمی نے اتوار کو ایران کے صدر محمود احمدی نژاد سے ملاقات کی
شام کےلیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی لخدار براہیمی نے اتوار کو ایران کے صدر محمود احمدی نژاد سے ملاقات کی

لخدار براہیمی نے اتوار کو تہران میں ایران کے صدر محمود احمدی نژاد اور وزیرِ خارجہ علی اکبر صالحی سے ملاقاتیں کی تھیں۔

شام کےلیے اقوامِ متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی ایلچی لخدار براہیمی نے ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے دوران میں باغیوں اور شامی افواج کے درمیان جنگ بندی کے لیے کردارادا کرے۔

اپنے ایک بیان میں عالمی ادارے کے خصوصی ایلچی نے کہا ہے کہ شام کا بحران ہر گزرتے دن کے ساتھ بدتر ہوتا جارہا ہے اور اس عرب ملک میں جاری خون خرابے کو روکنے کی فوری ضرورت ہے۔

لخدار براہیمی کی جانب سے پیر کو جاری کیے جانے والے اس بیان سے قبل انہوں نے اتوار کو تہران میں ایران کے صدر محمود احمدی نژاد اور وزیرِ خارجہ علی اکبر صالحی سے ملاقاتیں کی تھیں۔

یاد رہےکہ عیدالاضحی مسلمانوں کا دوسرا اہم دینی تہوار ہے جو آئندہ ہفتے منایا جائے گا۔

دریں اثنا آفات سے نبٹنے والے ترکی کے سرکاری ادارے نے کہا ہے کہ ترک-شام سرحد کے ساتھ قائم کیے گئے کیمپوں میں پناہ لینے والے شامی باشندوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

ترک ادارے کا کہنا ہے کہ شامی پناہ گزینوں کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور مزید پناہ گزینوں کی رہائش کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ ترکی شامی صدر بشار الاسد کی 12 سال سے قائم حکومت کے خلاف لڑنے والے باغیوں کا اہم ترین علاقائی اتحادی ہے۔

شامی افواج کی جانب سے فائر کیے جانے والے بعض گولے ترکی کے ایک سرحدی قصبے پر گرنے کے بعد گزشتہ دنوں ترک افواج شام کے فوجی ٹھکانوں پر بمباری بھی کرتی رہی ہیں۔
XS
SM
MD
LG