رسائی کے لنکس

یوکرین: باغیوں پر انسانی حقوق کی پامالی کا الزام


یہ بات اقوام ِمتحدہ کی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ اُس کے الفاظ میں:’یوکرین کے مشرقی حصے میں روس نواز علیحدگی پسندوں کی جانب سے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں‘

اقوام ِمتحدہ کی جانب سے مشرقی یوکرین میں حکومت مخالف گروپوں کی جانب سے جاری پرتشدد کارروائیوں کی مانیٹرنگ کرنے والے نگران کاروں کی رپورٹ کے مطابق مشرقی یوکرین میں علیحدگی پسندوں کی جانب سے انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔

اقوام ِمتحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نوی پلّے نے جمعے کے روز بتایا کہ اقوام ِمتحدہ کی رپورٹ میں کریمیا کے حوالے سے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے، جو کہ یوکرین کا جنوبی حصہ ہے اور جس نے رواں برس مارچ میں روس کے ساتھ الحاق کر لیا تھا۔ گو کہ اس الحاق کو نہ تو یوکرین کی جانب سے تسلیم کیا گیا نہی یوکرین کے مغربی اتحادیوں نے اسے تسلیم کیا ہے۔

دوسری جانب، روس کا کہنا ہے کہ اقوام ِمتحدہ کی رپورٹ سیاسی محرکات کے تحت بنائی گئی ہے اور یہ رپورٹ مفروضوں پر مبنی اور معروضیت سے عاری ہے۔

روس کے وزیر ِخارجہ سرگئی لاوروف کے مطابق، رپورٹ کے مرتب کنندگان نے ’سیاسی احکامات‘ کے زیر ِاثر رپورٹ مرتب کی ہے، جس میں یوکرین کی حکومت کی جانب سے کیئف میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانے پر کچھ نہیں کہا گیا‘۔

مشرقی یوکرین کے دو صوبوں دونیسک اور لوہانسک میں اتوار کے روز روس نواز علیحدگی پسندوں نے ریفرنڈم کا انعقاد کیا اور ریفرنڈم کے اختتام پر دونوں صوبوں کو عوامی جمہوریہ قرار دے دیا۔

علیحدگی پسندوں کے راہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں 25 مئی کو یوکرین میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی ’ووٹنگ نہیں ہونے دیں گے‘۔

مشرقی یوکرین کے صوبے دونیسک میں علیحدگی پسند راہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہے کہ انہوں نے روس سے درخواست کی ہے کہ وہ دونیسک کو رسمی طور پر روس میں ضم کر لیں۔

دوسری جانب، امریکہ اور برطانیہ نے روس کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے یوکرین میں مداخلت بند نہ کی تو اس پر کڑی معاشی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ روس کو خبردار کیا گیا ہےکہ وہ یوکرین کے انتخابات میں دخل اندازی سے باز رہے اور وہاں پر صدارتی انتخابات میں رخنہ ڈالنے سے گریز کرے۔
XS
SM
MD
LG