رسائی کے لنکس

امریکہ اور بھارت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں، کلنٹن


امریکی وزیر خارجہ اپنے بھارتی ہم منصب کے ہمراہ
امریکی وزیر خارجہ اپنے بھارتی ہم منصب کے ہمراہ

امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت "پرتشدد دہشت گرد گروہوں" کے مقابلے کے لیے متحد ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان داخلی سلامتی سے متعلق امور پر تعاون میں اضافہ ہورہا ہے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منگل کو مقامی حکام کے ساتھ معاشی و سیاسی تعلقات میں اضافے کے لیے ہونے والی دو روزہ بات چیت کے آغاز پہ گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے معاشی مرکز ممبئی میں گزشتہ ہفتے ہونے والے تین بم دھماکوں سے شدت پسندوں کے ساتھ مقابلہ کی اہمیت مزید واضح ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ان بم دھماکوں میں 19 افراد ہلاک اور 130 زخمی ہوگئے تھے۔

اپنے خطاب میں امریکی وزیرِ خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس مقصد کے لیے آزاد منڈیوں کے قیام اور امریکی اسلحے کی بھارت کو فروخت میں اضافے کی تجاویز بھی پیش کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو 2008ء میں طے پانے والے سول مقاصد کے لیے جوہری تعاون کے معاہدے سے متعلق معاملات کو حل کرنے کی ضرورت ہے جس سے جوہری توانائی کے شعبہ میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کو بھارت میں کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔

ہلری کلنٹن کا دورہ امریکہ اور بھارت کے درمیان جاری 'اسٹریٹجک مذاکرات' کا حصہ ہے جس کا آغاز گزشتہ برس واشنگٹن میں ہونے والے اجلاس سے ہوا تھا۔ مذاکرات میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء اور بھارت کے اپنے پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔

منگل کے روز امریکی وزیرِخارجہ نے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن سے ملاقات کی۔ دورے کے دوران وہ بھارتی وزیرِاعظم من موہن سنگھ اور حکمران جماعت کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی سمیت کئی دیگر اعلیٰ بھارتی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔

امریکی وزیر خارجہ بدھ کے روز جنوب مشرقی بھارتی شہر چنائی جائیں گی جہاں وہ امریکہ بھارت تعلقات کے موضوع پر ایک تقریب سے خطاب کے علاوہ امریکی کمپنیوں کے بھارت میں موجود نمائندوں سے ملاقات کریں گی۔

XS
SM
MD
LG