رسائی کے لنکس

افغانستان: طیارہ گر کر تباہ، چھ امریکی فوجیوں سمیت 11 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جہاز کے عملے میں چھ امریکی اہلکار تھے جب کہ دیگر افراد سویلین کنٹریکٹرز تھے جو افغانستان میں نیٹو مشن کے ساتھ کام کر رہے تھے۔

امریکی فوج نے کہا ہے کہ مشرقی افغانستان میں ایک فضائی اڈے پر نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والا اس کا ایک C-130 جہاز گرنے سے امریکی فضائیہ کے چھ اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

فوج نے اس واقعے کو ایک حادثہ قرار دیا ہے۔

فوج کے ترجمان نے کہا کہ یہ حادثہ جمعرات کو دیر گئے دارالحکومت کابل سے 125 کلومیٹر دور جلال آباد میں ایک فضائی اڈے کے قریب پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

حادثے میں چھ امریکی اہلکاروں پر مشتمل جہاز کا عملہ ہلاک ہو گیا جب کہ مرنے والے دیگر پانچ مسافر سویلین کنٹریکٹر تھے جو افغانستان میں نیٹو مشن کے ساتھ کام کر رہے تھے۔

طالبان کے ایک ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جہاز کو نشانہ بنایا مگر امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس وقت دشمن کی جانب سے فائرنگ کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔ اس قبل بھی طالبان کے اتحادی افواج پر حملوں کے کئی دعوے غلط ثابت ہو چکے ہیں۔

فوج کی طرف سے ایک بیان میں اسے ’’ایک حادثہ‘‘ قرار دیا گیا مگر مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

جہاز گرنے کا واقعہ ایسے وقت ہوا ہے جب افغان فوج نے طالبان کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد جمعرات کو قندوز سے طالبان کا قبضہ چھڑا لیا تھا۔ طالبان نے تین دن قبل جغرافیائی اعتبار سے اہم صوبائی دارالحکومت قندوز پر دھاوا بول کر اس پر قبضہ کر لیا تھا۔

نیٹو کے مطابق مشرقی افغانستان میں 1,000 کے قریب اتحادی فوجی تعینات ہیں جن میں امریکی اور پولینڈ کی فورسز شامل ہیں۔ علاوہ ازیں 40,000 کے قریب افغان فوجی بھی مشرقی افغانستان موجود ہیں جبکہ لگ بھگ 35,000 سویلین کنٹریکٹر افغانستان میں کام کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG