رسائی کے لنکس

امریکہ کا جنوبی سوڈان میں امن کے لیے کردار کم کرنے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوبی سوڈان میں امریکہ کے ایلچی ڈونلڈ بوتھ نے خبردار کیا ہے اگر فریقین نے عبوری حکومت سے متعلق معاہدے پر عمل نہ کیا تو ملک پر اقوام متحدہ کی طرف سے پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں

جنوبی سوڈان کی حکومت اور باغیوں دونوں کی جانب سے عبوری حکومت کے قیام سے متعلق معاہدے کی خلاف ورزیوں کے بعد امریکہ نے ان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اپنا کردار کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ ہفتے کو حکومت نے حزب اختلاف کے رہنما ریک ماچار کو لانے والے ایک طیارے کو ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی کیونکہ وہ پہلے سے طے شدہ تعداد سے زیادہ ہتھیار اور جنگجو اپنے ساتھ لانا چاہتے تھے۔

’’ان کو واپس آنے سے روکنے یا اس میں تاخیر کرنے کے لیے دونوں طرف سے کیے جانے والے اقدامات کے پیش نظر یہ ذمہ داری اب فریقین پر عائد ہوتی ہے کہ وہ (عبوری حکومت) کے قیام کے لیے ریک ماچار کی جُبا واپسی کو ممکن بنائیں اور اس بات کا مظاہرہ کریں کہ وہ امن کے لیے حقیقی طور پر پُرعزم ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی جنوبی سوڈان کے سلامتی اور اقتصادی مسائل کے حل کے لیے امریکہ کی مدد کا ’’انحصار دونوں فریقین کی طرف سے معاہدے پر عمل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کے مظاہرے پر ہو گا۔‘‘

اگست میں جنوبی سوڈان کے صدر سلوا کیر اور ریک ماچار نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت دنوں فریقین نے ایک عبوری حکومت بنانے پر اتفاق کیا تھا جس میں ریک ماچار کو نائب صدر کا عہدہ دیا جانا تھا۔ وہ پہلے بھی اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں مگر دسمبر 2013 میں سلوا کیر نے ان پر حکومت کا تختہ پلٹنے کی سازش کا الزام عائد کیا تھا۔

ان الزامات کے بعد ملک میں خانہ جنگی شروع ہو گئی تھی جس میں ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں اور 20 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

جب جنگ شروع ہوئی تو ریک ماچار ملک سے فرار ہو گئے تھے مگر انہیں امن معاہدے کے تحت 18 اپریل کو ملک واپس پہنچنا تھا۔ تاہم وہ اس تاریخ کو واپس نہیں آئے۔

توقع ہے کہ اب وہ پیر کو جُبا پہنچیں گے۔ یہ تیسری مرتبہ ہے جب ان کی واپسی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے مگر جنوبی سوڈان میں امریکہ کے ایلچی ڈونلڈ بوتھ نے خبردار کیا ہے اگر فریقین نے معاہدے پر عمل نہ کیا تو ملک پر اقوام متحدہ کی طرف سے پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل منگل کو اس بحران اور اس کے ممکنہ نتائج کا جائزہ لے گی۔

XS
SM
MD
LG