رسائی کے لنکس

امریکی شہری فوراً وطن آئیں یا نہ آئیں، محکمہ خارجہ


Coronavirus Airport
Coronavirus Airport

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو بیرون ملک سفر سے خبردار کیا ہے اور ملک سے باہر موجود شہریوں سے کہا ہے کہ وہ جلد واپس آجائیں یا غیر معینہ مدت تک نہ آئیں۔ بیرون ملک مقیم شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ واپس نہیں آرہے تو کسی محفوظ مقام پر رہنے کی تیاری کریں تاکہ کرونا وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

محکمہ خارجہ نے جمعرات کو بین الاقوامی سفر سے متعلق اپنی ٹریول ایڈوائزری کو کیٹگری تین سے چار کرنے کا اعلان کیا جو انتہائی سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے ملکوں کی سرحدیں بند ہورہی ہیں اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی جارہی ہیں۔

محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ امریکہ میں رہنے والے امریکی شہری جو کسی غرض سے بیرون ملک گئے ہیں، وہ فوری طور پر وطن واپسی کا انتظام کریں۔ بصورت دیگر وہ غیر معینہ مدت تک باہر قیام رکھیں۔ بہت سے ملک کرونا وائرس کا شکار ہیں، سفر پر پابندیاں اور لازمی قرنطینہ کی شرط لگارہے ہیں، سرحدیں بند کررہے ہیں اور غیر ملکیوں کو آنے سے روک رہے ہیں۔

ماضی میں چوتھے درجے کی ٹریول ایڈوائزری انتہائی کم ملکوں کے لیے جاری کی گئی ہے۔ امریکی شہریوں کو شمالی کوریا، ایران، عراق اور یمن کا سفر نہ کرنے کے لیے اس نوعیت کی ہدایات جاری کی جاتی رہی ہیں۔ جیسے جیسے کرونا وائرس پھیلتا گیا، محکمہ خارجہ اس میں مختلف ملکوں کے نام شامل کرتا گیا۔ گزشتہ ہفتے پوری دنیا کے لیے کیٹگری تھری کی ایڈوائزری جاری کی گئی تھی جسے اب چوتھے درجے تک بڑھادیا گیا ہے۔

سی این این کے مطابق سخت ایڈوائزری کی وجہ یہ ہے کہ امریکی سفارت خانے کرونا وائرس کی وجہ سے اپنے شہریوں کو قونصلر خدمات دینے سے معذور ہوتے جارہے ہیں۔ محکمہ خارجہ نے گزشتہ لہفتے بیرون ملک ان تمام سفارتی عملے کے ارکان اور ان کے اہلخانہ کو وطن واپس آنے کی ہدایت کی تھی جو طبی اعتبار سے کرونا وائرس کے لیے آسان شکار ثابت ہوسکتے تھے۔ متعدد ملکوں میں ویزا خدمات پہلے ہی بند کی جاچکی ہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق مراکش، تیونس، پیرو اور ہونڈوراس میں بڑی تعداد میں امریکی پھنسے ہوئے ہیں اور شکایت کررہے ہیں کہ امریکی سفارت خانے واپسی کے لیے ان کی مدد نہیں کررہے۔

صدر ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اشارہ دیا تھا کہ وہ بیرون ملک پھنسے ہوئے امریکی شہریوں کی واپسی کے لیے امریکی فوج کو ہدایت کرنے پر غور کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG