رسائی کے لنکس

'کمزور' طالبان قیادت امن کا موقع فراہم کر سکتی ہے: رپورٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فریل کا استدلال ہے کہ طالبان کی اعلیٰ قیادت سے کنارہ کرتے ہوئے منحرف کمانڈروں کو متحرک کیا جائے کہ وہ ملیں اور تنازع کے خاتمے کے مشترکہ مقصد کی راہ نکالیں۔

افغانستان میں گزشتہ سال تنازعات اور پر تشدد کارروائیوں کے باعث جانی نقصان کی شرح نے جہاں ایک اور بلندی چھوا وہیں مبصرین یہ خیال ظاہر کر رہے ہیں کہ طالبان عسکریت پسندوں کے درمیان گہری ہوتی اندرونی خلیج امن کا موقع بھی فراہم کر رہی ہے۔

طالبان کے ساتھیوں کے درجنوں انٹرویوز پر مبنی ایک مطالعاتی رپورٹ میں یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ تحریک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

رپورٹ کے ایک شریک مصنف اور رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹیٹیوٹ سے وابستہ پروفیسر تھیو فریل کہتے ہیں کہ "ایسے سینیئر (طالبان) کمانڈرز تھے جو ایک طرح سے خودکش حملوں کو اپنی ساکھ بنانے کے لیے استعمال کرتے تھے، لہذا طالبان کے بہت سے حصے لڑائی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں، لیکن یہاں بہرحال تنازع کو کم کرنے کا امکان بھی موجود ہے۔"

یہ امکان فریل کے مطابق طالبان کی قیادت کمزوریوں میں پوشیدہ ہے۔

فریل کا کہنا تھا کہ طالبان کے نئے راہنما ہبت اللہ اخونزادہ کو ایک "کمزور اور منقسم راہنما" کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ "ہم سے انٹرویوز میں متعدد لوگوں نے انھیں (اخونزادہ کو) صرف ایک علامتی راہنما کے طور پر ہی پیش کیا۔ طالبان کی اصل قوت کہیں اور ہے۔ لہذا تحریک میں یہ تاثر ہے یہ بغیر قائد کے تحریک ہے۔"

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان غیر رسمی بات چیت ہو چکی۔ تاہم سینیئر طالبان کمانڈروں کا مطالبہ ہے کہ باضابطہ بات چیت سے قبل نیٹو کی زیر قیادت 13000 غیر ملکی فوجیوں کو افغانستان سے جانا ہوگا۔

دسمبر میں افغان صدر اشرف غنی نے اپنے ملک میں جاری خون خرابے کا الزام یہ کہہ کر پاکستان پر عائد کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین پر عسکریت پسند گروپوں کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا۔ اسلام آباد ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

صدر غنی نے کہا تھا کہ "بعض اب بھی انھیں (عسکریت پسندوں کو) محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہے ہیں یا ان نیٹ ورکس کو برداشت کر رہے ہیں۔ جیسے کہ طالبان کی تحریک کی اہم شخصیات میں شمار ہونے والے (ملا رحمت اللہ) کاکا زادہ نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگر انھیں پاکستان میں پناہ گاہ نہ ملتی تو تحریک ایک مہینے سے زیادہ نہ چل پاتی۔"

فریل کا استدلال ہے کہ طالبان کی اعلیٰ قیادت سے کنارہ کرتے ہوئے منحرف کمانڈروں کو متحرک کیا جائے کہ وہ ملیں اور تنازع کے خاتمے کے مشترکہ مقصد کی راہ نکالیں۔

XS
SM
MD
LG