رسائی کے لنکس

مغربی کنارے سے فلسطینیوں کے اخراج پر عرب لیگ کا اجلاس


عرب لیگ نے اسرائیل کے اس فیصلے پر غور کرنے کے لیے ایک ہنگا می اجلاس کیا ہے ، جس کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے سے اُن فلسطینیوں کو نکال باہر کرنا ہے ، جن کے پاس اسرائیلی اجازت نامے نہیں ہیں۔

عرب لیگ کے مندوبین نے قاہرہ میں منگل کے روز فلسطینی ایلچی براکات الفرّا کی ایک اپیل کے ساتھ اپنا اجلاس شروع کردیا ہے ۔ اپیل میں انہوں نے اسرائیل کو اس فیصلے پر عمل در آمد سے روکنے لیے فوری اقدام کا مطالبہ کیاہے۔

مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی مِینا نے فرّا کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیل کے اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہزاروں فلسطینیوں کو اُن کے وطن سے نکال دینا ہے۔

اسرائیلی فوج نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ وہ مغربی کنارے سے بہت بڑی تعداد میں فلسطینیوں کو ملک بدر کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔اُس کا کہنا ہے کہ نئے قانون کا مقصد فوج کے عدالتی حکام کے ذریعے ملک بدر کیے جانے کے کام کی مناسب نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔یہ قانون منگل کے روز سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔

شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے اسرائیلی اعلان کی سخت مذمّت کرتے ہوئے اسے نسلی تطہیر کی پالیسی قرار دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG