رسائی کے لنکس

وائٹ ہاؤس کا غیر ملکی شہریوں کے لیے ویکسی نیشن کا ثبوت لازمی قرار دینے پر غور


شکاگو ائر پورٹ پر مسافروں کو منہ پر ماسک لینے کی ترغیب کے لیے لگایا گیا سائن بورڈ (اے پی )
شکاگو ائر پورٹ پر مسافروں کو منہ پر ماسک لینے کی ترغیب کے لیے لگایا گیا سائن بورڈ (اے پی )

وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ میں غیر ملکی وزیٹرز سے ویکسین لگوانے کے ثبوت کو لازمی قرار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

جیف زینٹس نے جو کووڈ نائنٹین رسپانس کوارڈینیٹر ہیں، خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا ہے کہ متعدد وفاقی ادارے اس بارے میں امکانات پر غور و خوض کر رہے ہیں۔

امریکہ نے کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے ابھی بین الاقوامی سفر بحال کرنے کے لیے کوئی نظام الاوقات نہیں دیا ہے۔

امریکہ نے جنوری 2020 میں سب سے پہلے چین پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔ اس کے بعد متعدد دیگر ممالک بشمول بھارت اور کئی یورپی ممالک کو پابندیوں والی فہرست میں شامل کردیا گیا تھا۔

کرونا وائرس کی ویکسی نیشن کے ثبوت کے حوالے سے یہ مسائل بھی ہیں کہ آیا امریکہ کس طرح کی دستاویزات کو ثبوت تسلیم کرے گا اور یہ کہ آیا امریکہ ان لوگوں کے فراہم کردہ تصدیقی دستاویز بھی تسلیم کرے گا جو ایسی ویکسین لگوا چکے ہیں جن کی منظوری امریکہ نے نہیں دی ہے؟

اس کے برعکس میکسیکو امریکہ کی سرحد جہاں سے ریکارڈ تعداد میں لوگ امریکہ داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سرحد سے جن تارکین وطن کو امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے ان پر ویکسی نیشن کا ثبوت فراہم کرنا لازمی نہیں ہے۔

امریکہ میں کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے پھیلاو کے بعد نیویارک کی ٹرین میں مسافر چہرے پر ماسک لیے ہوئے ہیں (رائٹرز)
امریکہ میں کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے پھیلاو کے بعد نیویارک کی ٹرین میں مسافر چہرے پر ماسک لیے ہوئے ہیں (رائٹرز)

جولائی کے آخری ہفتے میں میک ایلن، ٹیکساس کے سرحدی قصبے سے سات ہزار تارکینِ وطن کو امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔ واشنگٹن ایگزامینر کے مطابق ان میں سے 1500 افراد کووڈ پازیٹو تھے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق بائیڈن انتظامیہ تارکینِ وطن کو بھی ویکسین لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

اس خبر میں شامل کچھ معلومات رائٹرز سے لی گئیں۔

XS
SM
MD
LG