رسائی کے لنکس

رواں برس 'وکی پیڈیا' پر صارفین کو سب سے زیادہ کس چیز کی تلاش تھی؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کیا آپ کو یاد ہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران آپ نے انٹرنیٹ پر کیا کچھ تلاش کیا ہے؟ اور اس سرچ میں سب سے زیادہ بار آپ کی نظروں سے کیا گزرا ہے؟ ممکن ہے آپ کو یہ یاد نہ ہو۔ لیکن آن لائن فری انسائیکلوپیڈیا ’وکی پیڈیا‘ نے اس حوالے سے تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق 'وکی پیڈیا' کے انگریزی ورژن کے مطابق رواں برس اس ویب سائٹ کو 84 ارب سے زائد بار صارفین نے مختلف معلومات کے حصول کے لیے وزٹ کیا۔

'وکی پیڈیا' ایک فری آن لائن انسائیکلوپیڈیا ہے جو کہ امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں قائم غیر سرکاری تنظیم ’ویکی میڈیا فاؤنڈیشن‘ کے تحت چلایا جاتا ہے۔

وکی پیڈیا کے مطابق 2023 میں جو آرٹیکل سب سے زیادہ پڑھا گیا وہ ’چیٹ جی پی ٹی‘ سے متعلق تھا۔ واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی آرٹیفیشل انٹیلی جینس سے چلنے والے آن لائن چیٹ بوٹ ہے اور گزشتہ ایک برس میں اس کو بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

گزشتہ سال نومبر 2022 میں امریکہ کے ایک اسٹارٹ اپ ’اوپن اے آئی‘ نے چیٹ جی پی ٹی متعارف کرایا تھا جس کے بعد یہ تعلیمی اداروں، طبی مراکز، قانونی مشاورت کی فرمز، حتیٰ کے مذہبی اداروں میں بھی زیرِ بحث ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے مضمرات پر بھی تبادلۂ خیال ہو رہا ہے۔

'وکی پیڈیا' پر دوسرا آرٹیکل جو سب سے زیادہ پڑھا گیا وہ مشہور شخصیات کی اموات کی سالانہ فہرست سے متعلق تھا۔ مشہور شخصیات کی اموات کی تاریخوں سے متعلق آرٹیکل پڑھنے والوں کی ہر سال بڑی تعداد ہوتی ہے۔

'وکی پیڈیا' نے بتایا ہے کہ سال 2021 میں یہ آرٹیکل سب سے زیادہ پڑھا گیا تھا جب کہ سال 2022 میں یہ زیادہ پڑھے گئے مضامین میں چوتھے نمبر پر تھا۔

رواں برس جن نام ور شخصیات کی اموات ہوئی ان سے متعلق پڑھے گئے مضامین میں نمایاں مشہور اداکار میتھیو پیری اور اداکارہ لیزا پریسلے کے آرٹیکل تھے۔

'وکی پیڈیا' نے سال 2015 سے 'وکی پیڈیا' پر سب سے زیادہ پڑھے جانے والے آرٹیکلز کے اعداد و شمار جمع اور جاری کرنا شروع کیے تھے۔

گزشتہ آٹھ سال میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کرکٹ سے متعلق کوئی مضمون ٹاپ ٹین میں شامل ہوا ہو۔ رواں برس بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ سے متعلق آرٹیکل 'وکی پیڈیا' پر تیسرا سب سے زیادہ پڑھے جانے والا آرٹیکل ہے۔

کرکٹ ورلڈکپ سمیت کرکٹ کے چار آرٹیکل ٹاپ 25 میں شامل ہیں۔ 'وکی پیڈیا' پر چوتھے نمبر پر موجود آرٹیکل انڈین پریمیئر لیگ سے متعلق ہے۔

'وکی پیڈیا' پر کون سے مضامین کتنی بار پڑھے گئے؟

چیٹ جی پی ٹیچار کروڑ 94 لاکھ 90 ہزار
2023 میں ہونے والی امواتچار کروڑ 26 لاکھ 66 ہزار
2023 کرکٹ ورلڈ کپتین کروڑ 81 لاکھ 71 ہزار
انڈین پریمیئر لیگتین کروڑ 20 لاکھ 12 ہزار
اوپن ہائمر (فلم)دو کروڑ 83 لاککھ 48 ہزار
کرکٹ ورلڈ کپدو کروڑ 59 لاکھ 61 ہزار
جے رابرٹ اوپن ہائمردو کروڑ 56 لاکھ72 ہزار
جوان (بھارتی فلم)دو کروڑ 17 لاکھ 91 ہزار
2023 انڈین پریمیئر لیگدو کروڑ چھ لاکھ 94 ہزار
پٹھان (بھارتی فلم)ایک کروڑ 99 لاکھ 32 ہزار

ویکی میڈیا فاؤنڈیشن کے مطابق حالیہ جاری کیے گئے اعداد و شمار صرف انگریزی میں شائع مضامین کے پیج ویوز پر مشتمل ہیں۔

فاؤنڈیشن نے واضح کیا ہے کہ یہ اعداد و شمار 28 نومبر تک کے ہیں جب کہ پورے سال کے اعداد و شمار آئندہ برس جنوری میں جاری کیے جا سکتے ہیں۔

اس تحریر میں معلومات خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے لیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG