رسائی کے لنکس

سرطان کی بروقت تشخیص سے زندگی بچ سکتی ہے


پاکستان میں مردوں میں پھیپھڑوں کے سرطان کے کینسر کے علاوہ خواتین میں چھاتی کا سرطان ملک میں اس مرض سے ہونے والی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

دنیا بھر کی طرح پیر کو پاکستان میں بھی کینسر کے مرض سے متعلق آگہی کا عالمی دن منایا گیا۔ اس سلسلے میں سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقاریب منعقد کی گئیں جن میں اس جان لیوا مرض کے لیے ملک میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں بتایا گیا۔

اگرچہ سرکاری طور پر پاکستان میں کینسر یا سرطان کے مرض میں مبتلا افراد کے اعداد و شمار دستیاب نہیں لیکن سرطان کے مریضوں کا علاج کرنے والے ملک کے ایک بڑے اسپتال شوکت خانم میموریل ہوسپیٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر فیصل سلطان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال ڈیڑھ لاکھ افراد اس مرض کا شکار ہو جاتے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کہتے ہیں کہ پاکستان میں مردوں میں پھیپھڑوں کے سرطان کے کینسر کے علاوہ خواتین میں چھاتی کا سرطان ملک میں اس مرض سے ہونے والی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

پاکستان میں طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں سرطان کے علاج کے مخصوص اسپتالوں کی تعداد بہت کم یے لیکن ڈاکٹر فیصل سلطان کہتے ہیں کہ اس مرض کی بر وقت تشخیص سے زندگی کو بچایا جا سکتا یے۔

پاکستان میں مختلف نجی اور سرکاری تنظیموں کے اعداد و شمار کے مطابق ہر سال ہزاروں خواتین چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہوتی ہیں اور بروقت تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے ان کا مرض پیچیدہ ہو جاتا ہے۔
XS
SM
MD
LG