رسائی کے لنکس

زین ملک نے اپنی منگیتر پیری ایڈورڈز سے منگنی 'توڑ دی'


ہفت روزہ امریکی رسالے کو باوثوق ذرائع سے پتا چلا ہے کہ زین ملک نے برطانوی بینڈ 'لٹل مکس' کی گلوکارہ پیری ایڈورڈز کے ساتھ اپنی دو سال پرانی منگنی منسوخ کر دی ہے۔

ہالی وڈ کے ایک معتبر رسالے 'پیپل میگزین' نے منگل کو شائع ہونے والی اپنی خصوصی خبر میں انکشاف کیا کہ برطانوی گلوکار زین ملک نے اپنی منگیتر پیری ایڈورڈز سے منگنی توڑ دی ہے۔

ہفت روزہ امریکی رسالے کو باوثوق ذرائع سے پتا چلا ہے کہ زین ملک نے برطانوی بینڈ 'لٹل مکس' کی گلوکارہ پیری ایڈورڈز کے ساتھ اپنی دو سال پرانی منگنی منسوخ کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بائیس سالہ زین ملک نے دو ہفتے قبل گلوکارہ پیری ایڈورڈز سے رابطہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے بیچ سب ختم ہو گیا ہے۔

میگزین کے مطابق ون ڈائریکشن بینڈ کے سابق گلوکار زین ملک کے اس فیصلے سے ان کی منگیتر پیری شدید دکھی ہیں۔

پیری ان دنوں لٹل مکس کے ایک گانے کی پبلسٹی کے سلسلے میں امریکہ میں ہیں جہاں وہ اپنے چہرے پر مسکان سجا کر گانے کی تشہیری مہم میں حصہ لے رہی ہیں، بتایا گیا ہے کہ پیری کو ان کے بینڈ کے ساتھیوں کی طرف سے سنبھالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پیری کی طرح زین ملک بھی فی الحال لاس اینجیلس میں ہیں، جہاں وہ آر سی اے کے ساتھ اپنے نئے معاہدے پر کام کر رہے ہیں، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے نہیں ملے ہیں۔

پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک مارچ میں پانچ رکنی بوائے بینڈ ون ڈائریکشن سے الگ ہو گئے تھے۔ اپنے علیحدگی کے فیصلے کے حوالے سے انھوں نے بینڈ کے لڑکوں کے ساتھ کسی بھی طرح کے تنازع کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا تھا۔

اس سے پہلے یہ خبریں آ رہی تھیں کہ زین اور ان کی منگیتر کے درمیان تعلقات سرد مہری کا شکار ہو چکے ہیں اور اسی اثناء میں ایک مداح لڑکی لورین رچرڈسن کے ساتھ زین ملک کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر آئی تھی، جس سے تاثر ملا تھا کہ شاید زین اپنی مگیتر سے بے وفائی کر رہے ہیں، لیکن بعد میں دونوں کی طرف سے افواہ کی تردید کی گئی تھی۔

زین ملک نے جب ون ڈائریکشن چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا تو ان کی منگیتر پیری ایڈورڈز ان کے ساتھ کھڑی تھیں۔

پیری کی ایک ساتھی فنکارہ نے پیر کو انسٹا گرام پر پیری ایڈورڈز کی ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کی انگلی ڈائمنڈ کی انگوٹھی سےخالی نظر آ رہی ہے۔

روزنامہ مرر کے مطابق پیری نے ایک ٹی وی انٹرویو میں اپنی خالی انگلی کے حوالے سے کہا تھا کہ انھوں نے اپنی ہیرے کی انگوٹھی صفائی کے لیے دوکان پر بھیجی ہے۔

زین ملک اور پیری ایڈورڈز نے اب تک سوشل میڈیا پر یا عوامی طور پر علیحدگی کی خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

البتہ آخری بار تین ہفتے پہلے پیری نے سوشل میڈیا پر زین ملک کے ساتھ اپنی ایک سیلفی پوسٹ کی تھی۔

ون ڈائریکشن کے گلوکار لیام پانیے نے ایک حالیہ انٹرویو میں یہ تاثر دیا کہ زین ملک نے اپنے رومانوی رشتے کو بچانے کے لیے ون ڈائریکشن کو چھوڑا تھا اور وہ ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

زین ملک اور پیری ایڈورڈز 2013ء میں منگنی کے رشتے میں بندھے تھے، ان کی شادی کی تاریخ کے بارے میں کئی بار افواہیں سامنے آتی رہی ہیں، لیکن جوڑے کی طرف سے کبھی بھی اپنی شادی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

زین ملک کے والد یاسر ملک کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کی والدہ انگریز ہیں۔ ان کی تین بہنیں ہیں۔ بڑی بہن دونیا اور چھوٹی بہنیں والیا اور صافا ہیں۔ زین ملک کا خاندان بریڈ فورڈ کا رہائشی ہے۔

2010ء میں ٹی وی شو 'ایکس فیکٹر 'میں آڈیشن دینے والے پانچ لڑکوں نائل ہوران، لیام پانیے، ہیری اسٹائل، لوئس ٹاملنسن اور زین ملک کو ایک بینڈ کی صورت میں اکھٹا کرنے کا خیال برطانوی میوزک پروڈیوسر سائمن کوویل کا تھا اور بعد میں یہ بینڈ دیکھتے ہی دیکھتے نوجوان نسل کا مقبول بینڈ بن گیا اور میوزک چارٹس پر ٹاپ بینڈ کی جگہ حاصل کر لی۔

XS
SM
MD
LG