پی آئی اے ملازمین کا احتجاج جاری، تمام سرگرمیاں بند

پاکستان میں قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ادارے کے ملازمین کا احتجاج جاری ہے۔

ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر پی آئی اے کا فلائیٹ آپریشن اور دیگر سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہیں۔

حکومت کا پی آئی اے ملازمین کے احتجاج پر متنبہ کیا ہے کہ وہ اس سے گریز کریں بصورت دیگر انھیں ملازمت سے برخاستگی کے علاوہ جیل کی ہوا بھی کھانا پڑ سکتی ہے۔

منگل کو صورتحال اس وقت سنگین ہو گئی جب کراچی میں احتجاج کرنے والے ملازمین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی اور اس دوران گولی لگنے سے دو افراد دم توڑ گئے۔

مظاہرین کی آمد کے خدشے کے پیشِ نظر کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی کے انتظامات کو بھی مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

پی آئی اے کا فضائی آپریشن معطل ہے اور گذشتہ شب پائلٹس کی تنظیم پالپا نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

پی آئی اے کے آپریشنز کی بندش کی وجہ سے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے وعدہ کر رکھا ہے کہ وہ مسلسل خسارے کے باعث پی آئی اے کو ایک نجی کمپنی میں تبدیل کرے گی۔