ابھیشک کی نئی فلم ہالی وڈ سٹوڈیو کے اشتراک سے بنے گی

بالی وڈ فلمیں ’کچھ نہ کہو’ اور ’بلف ماسٹر’ کے بعد فلم ساز روہن سِپی نے ایک بار پھر اپنی نئی فلم ’دم مارو دم’ کے لیے اداکار ابھیشیک بچن کو سائن کیا ہے۔

اِس فلم کو ہالی وڈ سٹوڈیو فاکس سٹار اسٹوڈیو رمیش سِپی اینٹرٹینمینٹ کے اشتراک سے پروڈیوس کر رہا ہے۔ فلم ’دم مارو دم’ میں بپاشا باسو، آدتیا پنچولی اور پرتیک ببر بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کے موسیقار پریتم ہیں اور اِس ایکشن تھرلر فلم کی عکس بندی بھارت میں سیاحت کے لیے مشہور شہر گوا میں شروع ہو چکی ہے۔

فاکس سٹار اسٹوڈیوز انڈیا کے سی ای او وجے سنگھ نے میڈیا کے لیے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ہم اِس بزنس کے بہترین ٹیلنٹ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم ’دم مارو دم‘ میں روہن اور ابھیشیک کی کامیاب جوڑی کے ساتھ کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ فلم کا اسکرپٹ اتنا جان دار ہے کہ 2010ء میں فلم ’دم مارو دم‘ کا انتظار سب کو رہے گا۔

خیال رہے کہ بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کی ہٹ فلم ‘مائی نیم از خان‘ فاکس سٹار اسٹوڈیو کی پہلی ہندی فلم تھی جس نے عالمی سطح پر 43 ممالک میں کامیابی کے نئے ریکارڈ مرتب کیے۔ سنگھ کو یقین ہے کہ روہن سپی کی نئی فلم کے ساتھ وہ تاریخ کو دوبارہ دوہرائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق ’دم مارو دم‘ پر 35 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ فلم کے پہلے ایک ماہ کے شوٹنگ شیڈول کا آغاز گذشتہ ہفتے گوا میں ہو چکا ہے۔

ابھیشیک کے ساتھ روہن کی آخری فلم ’بلف ماسٹر‘ تھی۔ 2005ء میں ریلیز ہونے والی اِس فلم نے باکس آفس پر متوسط کاروبار کیا تھا۔ اب پانچ سال بعد ابھیشیک کے ساتھ تیسری فلم بنانے والے روہن نے جونیئر بچن کی تعریف میں قصیدے پڑھتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین اداکار ہیں اور ہم مل کر سنیما بینوں کو ایسی فلم دیں گے جو انہیں سنیما گھروں میں اپنی سیٹ سے باندھے رکھے گی۔