قندھاربم دھماکے میں ایک پاکستانی مزدور ہلاک، چھ دوسرے زخمی

افغانستان کے جنوبی شہرقندھار میں اتوار کی صبح ہونے والے بم کے ایک دھماکے میں ایک پاکستانی مزدور ہلاک اور چھ دوسرے زخمی ہو گئے۔

مقامی پولیس نے بتایا کہ دھماکہ اُس وقت ہوا جب پاکستانی مزدوروں کو لے جانے والی گاڑی سٹرک میں نصب بم سے ٹکرا گئی ۔ یہ واقعہ قندھار شہر کے مشرقی حصے میں پیش آیا جہاں قریب ہی پاکستان کا کونسل خانہ بھی موجود ہے۔

ان مزدوروں کا تعلق بھی اُسی تعمیراتی کمپنی سے بتایا گیا ہے جس کے لیے کام کرنے والے پانچ دوسرے پاکستانی شہریوں کو گزشتہ ہفتے قندھار کے ہی ایک علاقے میں موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے خودکارہتھیاروں سے حملہ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

کسی نے ابھی تک پاکستانی شہریوں پر ان دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ایک روز قبل قندھار کے مختلف علاقوں میں انتہائی منظم انداز میں کیے گئے کئی بم دھماکوں میں کم ازکم 33 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ طالبان نے یہ حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

قندھار کے گورنر نے اتوار کو صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے صوبے میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر قابو پانے کے لیے مزید افغان اور نیٹو افواج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔

طالبان عسکریت پسند عام طو پرافغان حکومت، غیر ملکی افواج اور اُن کے حامیوں پر حملوں کی ذمہ داری کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن انھوں نے شاذو نادر ہی افغانستان میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں کوایسی کارروائیوں کا نشانہ بنایا ہے۔