افغانستان میں شدید برفباری سے درجنوں ہلاکتیں

افغانستان میں گزشتہ تین دن سے جاری برفباری کے دوران اب تک تقریباً 100 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

برفانی تودوں کے باعث ملک کے مشرقی اور شمالی حصوں میں زیادہ نقصان ہوا ہے اور حکام کے مطابق ان واقعات میں 50 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

افغانستان میں شدید خراب موسم کے باعث اتوار کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا تھا۔

خراب موسم اور شدید برفباری کے باعث متاثرہ علاقوں تک زمینی راستے بند ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

برفباری سے افغانستان کی اہم شاہراہیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں جن میں کابل قندھار ہائی وے شامل ہے۔

دارالحکومت کابل کا ہوائی اڈہ بھی برف کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

افغانستان میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں بدخشاں، ننگرہار اور پروان شامل ہیں۔