معروف ڈیجیٹل کمپنی ایپل نے دنیا بھر میں زیر استعمال اپنے ایک ارب سے زیادہ آئی فونز کے لیے ایک نیا سافٹ ویر لانچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے اگلے مہینے وہ اپنے دو نئے لیپ ٹاپ بھی متعارف کروا رہا ہے جس میں ایپل کے ڈیزائن کردہ مائیکروپراسیسر کی نئی جنریشن کی چپ موجود ہو گی۔
ایپل نے پیر کے روز حسب معمول اپنے لیے سافٹ وئیر تیار کرنے والے ڈیولپرز کی کانفرنس کے پہلے روز آئی فون، آئی پیڈ، ایپل واچ اور میک کمپیوٹرز کے لیے نئے سافٹ ویئرز کو موضوع بنایا۔ ایپل کی ڈیجیٹل مصنوعات دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں اور وہ نئے رجحانات کی قیادت کرتی ہیں۔
ایپل نے آئی فون کے لیے اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم سافٹ ویئر کو آئی او ایس 16 کا نام دیا ہے۔ نیا آپریٹنگ سسٹم آئی فون کی سکرین پر دکھائی دینے والی تبدیلیاں لائے گا اور موجودہ سافٹ وئیر کی کارکردگی کو بہتر بنائے گا۔
آئی او ایس 16 انسٹال ہونے کے بعد آئی فون میں سب سے نمایاں تبدیلی اس کی سکرین کو لاک کرنے کے نظام میں لائے گا۔ نیا سافٹ ویئر آئی فون استعمال کرنے والوں کو لاک سکرین پر بھی اپنے پسندیدہ پروگراموں کے چھوٹے علامتی نشان دیکھنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
نیا سافٹ ویئر انسٹال ہونے کے بعد سکرین لاک ہونے کے باوجود اسے استعمال کرنے والا لائیو نوٹیفیکیشنز دیکھ سکے گا اور اگر اس نے کہیں جانے کی خاطر اپنے لیے اوبر منگوائی ہے تو بند سکرین پر بھی اسے یہ معلومات ملتی رہیں گی اس وقت اس کی مطلوبہ اوبر کہاں ہے۔
اس وقت آئی فون پر لائیو نوٹیفیکشنز سکرین کے اوپر والے حصے میں ظاہر ہوتے ہیں جب کہ نئے سافٹ ویئر میں نوٹیفیکشنز کو سکرین کے نچلے حصے میں جگہ دی گئی ہے تاکہ اگر صارف اگر فون پر کوئی کام کر رہا ہے تو نوٹیفیکیشنز اس کی توجہ ہٹانے کا سبب نہ بنیں۔
نئے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 16 میں پیغام رسانی کے نظام میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ اب پیغام یا میسج بھیجنے کے بعد بھی اس میں تبدیلی کی جا سکے گی اور اسے یکسر بدلا بھی جا سکے گا۔ لیکن یہ سہولت صرف اس وقت مہیا ہو گی جب میسج ایک آئی فون سے دوسرے آئی فون کو بھیجا جا ئے گا۔
نئے سافٹ ویئر میں ایپل کے ادائیگوں سے متعلق ڈیجیٹل نظام جسے ایپل پے سروس کہا جاتا ہے، مہنگائی اور افراط زر کے پیش نظر صارفین کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اپنی خریداری کی ادائیگی کسی اضافی فیس کے بغیر چار اقساط میں چھ ہفتوں میں کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ نئے آپریٹنگ سسٹم میں کئی نئی چیزیں بھی متعارف کرائی گئی ہیں جن میں ملٹی ٹاسکنگ بھی ہے۔ اس فیچر کی مدد سے صارف آئی فون کی سکرین پر بیک وقت کئی کام کر سکے گا۔ نئے سسٹم میں آئی فون ایپل کی دیگر مصنوعات مثلاً آئی پیڈ اور میک بک وغیرہ کے ساتھ زیادہ آسانی سے منسلک ہو سکے گا اور ویڈیو کالز بھی زیادہ بہتر طور پر کر سکے گا۔
ایپل نے کہا ہے کہ وہ اگلے مہینے اپنے معروف لیپٹ ٹاپس میک بک ایئر اور میک بک پرو کے نئے ماڈل مارکیٹ میں لا رہا ہے۔ ان ماڈلز میں ایپل اپنی تیار کردہ مائیکروپراسیسر ایم کی نئی چپ ایم ٹو استعمال کر رہا ہے۔ ایم ٹو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ایم ون کے مقابلے میں ڈیڑھ گنا جب کہ انٹل چپ سے چھ گنا تیز ہے۔ اس چپ کے ساتھ لیپ ٹاپ 20 گھنٹوں تک بیٹری پر کام کر سکتا ہے۔ اس چپ کے گرافکس اور ویڈیوز زیادہ بہتر اور تیز رفتار ہیں اور یہ چپ 4K اور 8k ویڈیوز کی بہتر سہولت فراہم کرتی ہے۔
(اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات ایسوسی ایٹڈپریس سے لی گئی ہیں)