اقوام متحدہ کا کمشن بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ آج جاری کر رہا ہے

مرحومہ بے نظیر بھٹو

پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیربھٹو کے قتل کی تحقیقات پراقوام متحدہ کا مقررکردہ کمشن آج اپنی رپورٹ جاری کررہا ہے۔

کمشن پروگرام کے مطابق یہ رپورٹ باقاعدہ طور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو پیش کرے گا جواسے بعد میں پاکستان بھجوائیں گے۔

یہ رپورٹ پروگرام کے مطابق دو ہفتے قبل ریلیز ہوناتھی مگراسے پاکستان کی درخواست پر مؤخر کردیاگیا تھا۔

پاکستان نے بعد میں کہا تھا کہ وہ چاہتا ہے کہ کمشن افغانستان اور امریکہ سے کچھ اضافی معلومات رپورٹ میں شامل کرے۔

مسٹر بان کی مون نے پاکستانی حکومت کی درخواست پر پچھلے سال جون میں قتل کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد کمشن کاتقرر کیا تھا۔کمشن نے پاکستان کے کئی اعلیٰ عہدے داروں سمیت بہت سے افراد کے انٹرویو کیے۔

پاکستان اور امریکہ نے ابتدا میں بے نظر بھٹو کی ہلاکت کا الزام طالبان کمانڈر بیت اللہ محسود پر لگایا تھا۔ لیکن ان کے قریبی ساتھی مسلسل یہ کہتے رہے کہ اس ہلاک میں حکومتی عہدے داروں اور ان کے سیاسی مخالفین کا کردار ہے۔

بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007ء کو راول پنڈی میں گولیوں اور خودکش بم دھماکے میں ہلاک کردیاگیاتھا۔ ان کی موت کے کئی مہینے بعد ہونے والے ملک گیر انتخابات میں ان کی جماعت نے کامیابی حاصل کی اور ان کے شوہر آصف علی زرداری ملک کے صدر بن گئے۔