فلم ’انا‘۔۔ایک عوامی رہنما کو شاندار خراج تحسین

انا ہزارے کی تحریک کئی دن تک جاری رہی۔ اس میں جذبات، ایکشن، عوامی رنگ سب ہی کچھ موجود تھا جسے سلور اسکرین پر ’انا‘۔۔کسان بابو راؤ انا ہزارے‘ کی شکل میں سلور اسکرین پر جلد پیش کیا جائے گا

کہتے ہیں حق کے لئے آواز اٹھانے کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ صرف جذبہ ہونا چاہئے ۔۔۔ اور یہی بات سچ ثابت کر دکھائی بھارت میں کرپشن کے خلاف جدوجہد کرنے والے انا ہزارے نے، جن کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’انا‘ کی پروموشن اِن دنوں زور و شور سے جاری ہے۔

اگست 2011ء میں انا ہزارے نے کرپشن کے خلاف جو تحریک شروع کی اس نے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کی توجہ اپنی طرف مبذول کرالی اور دنیا بھر کا میڈیا نئی دلی کے رام لیلا میدان میں جمع ہوگیا جہاں انا ہزارے نے انسداد کرپشن بل کی منظوری تک بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

چوہہتر سالہ نحیف و نزار انا ہزارے کرپشن کے خلاف توانا آواز بن کر ابھرے۔ چند ساتھیوں کے ساتھ تحریک شروع کرنے والے انا کے ساتھ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لوگ جوق در جوق شامل ہوتے گئے جن میں بالی وڈ سے لے کر ہر شعبے کی نامی گرامی ہستیاں بھی شامل تھیں۔

کیا ہے اس فلم میں؟
انا کی تحریک کئی دن تک جاری رہی۔ اس میں جذبات، ایکشن، عوامی رنگ سب ہی کچھ موجود تھا جسے سلور اسکرین پر ’انا‘۔۔کسان بابو راؤ انا ہزارے‘ کی شکل میں سلور اسکرین پر جلد پیش کیا جائے گا۔

انا کی ’بائیو پک‘ کی پروموشن کے سلسلے میں گزشتہ دنوں فلم کا پوسٹر جاری کیا گیا تھا اور اب فلم کا ٹریلر بھی ریلیز کر دیا گیا ہے۔

ایک سو تیس منٹ پر مشتمل اس فلم کی تکمیل میں ایک سال سے زائد کا عرصہ لگا۔ فلم کی شوٹنگ انا ہزارے کے آبائی گاؤں ریلے گان سدھی، احمد نگر، ممبئی، نئی دلی، لداخ اور راجستھان وغیرہ میں کی گئی۔

فلم میں انا ہزارے کا کردار ششانک اودا پرکر۔۔نے ادا کیا ہے جو فلم کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔ فلمسٹار کاجول کی بہن تنیشا مکھرجی فلم میں صحافی کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

رجت کپور، شرد سکسینا اور گوند نام دیو بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔’انا۔۔‘ 14 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔