سری لنکا: انٹرنیشنل انڈین فلم ایوارڈز کی تیاریاں

امیتابھ بچن

بھارتی فلم انڈسٹری کے کئی چوٹی کے فن کار سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں انٹرنیشنل انڈین فلم ایوارڈز کی تقریب میں شریک نہیں ہورہے۔

گیارہویں سالانہ انٹرنیشنل انڈین فلم ایوارڈ کی تقریب ہفتے کے روز سری لنکا میں ہورہی ہے جس میں شرکت کے لیے کئی بڑے اداکار پہلے ہی کولمبو پہنچ چکے ہیں، جب کہ کئی دوسرےفن کاروں کا کہنا ہے کہ وہ اس میں شرکت نہیں کریں گے۔

تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے بھارتی فلم سٹار وں نے ایوارڈ ز کی اس تقریب کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔ تامل ناڈو کے سری لنکا کی تامل اقلیت کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور عہدے داروں کا کہنا ہے کہ کولمبو میں ایوارڈز کی تقریب کے انعقاد کو وہ ملک کی طویل خانہ جنگی کے خاتمے کے بعدتاملوں کے ساتھ غیرمناسب برتاؤ کے طورپر دیکھتے ہیں۔

امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان ان ایوارڈز میں شرکت نہ کرنے والی نمایاں بھارتی فلمی شخصیات میں شامل ہیں، جب کہ ویوک اوبرائے اور بپشاباسو شرکت کررہے ہیں۔

بالی وڈ کے کچھ فلمی ستار جمعے کے روز ایک امدادی کرکٹ میچ میں حصہ لے رہے ہیں۔

سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سانگا کارا نے جمعرات کے روز کچھ بھارتی فلمی ستاروں سے بات چیت کی۔ ان کاکہنا ہے کہ ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کرنے کے ان کے عزم اور جرآت کو سراہتے ہیں۔