فیفا ورلڈ کپ: فرانس اور جرمنی کوارٹر فائنل میں

برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں فرانس نے نائجیریا کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

فرانس اور نائجیریا کی ٹیموں کے مابین میچ دارالحکومت برازیلیا کے برازیلیا نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

میچ کے 79ویں منٹ میں پال پوگبا نے گول کر کے فرانس کو برتری دلائی۔

میچ کے پہلے ہاف میں فرانس اور نائجیریا کی ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا۔

فرانس 2006 کے بعد پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔

چار جولائی کو ہونے والے کوارٹر فائنل میں جرمنی کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔

ناک آوٹ کے مرحلے کے ایک سنسنی خیز میچ میں جرمنی نے الجزائر کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

جرمنی کی جانب سے پہلا گول 92 ویں منٹ میں آندرے شوئرل نے کیا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں میسوط اوزل نے ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔

الجزائر تاریخ میں پہلی بار 'لاسٹ 16' مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوا تھا۔

الجزائر کے گول کیپر نے پہلے دو ہاف میں جرمنی کے کئی یقینی گول روکے۔

17ویں منٹ میں ریفری نے الجزائر کا ایک گول فارورڈ کے آف سائیڈ ہونے کی وجہ سے مسترد کر دیا۔