برطانیہ : بافٹا ایوارڈز میں فلم گریوٹی نے میلہ لوٹ لیا

برطانیہ کی فلمی دنیا کے معتبر اور آسکرز کے ہم پلہ سمجھے جانے والے برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز یا 'بافٹا ایوارڈز ' سال 2014 کی تقریب میں سائنس فکشن فلم ' گریوٹی'  نے سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کر کے میدان مار لیا ہے۔

فلم گریوٹی اس تقریب میں کل چھ ایوارڈز اپنے نام کرانے میں کامیاب رہی جس میں بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔

67 واں برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز کی بہترین فلم کی کیٹیگری میں نامزد ہونے والی بڑی فلموں میں 'وولف آف وال اسٹریٹ، امریکی ہسل،  کیپٹن فلپس اور فلو مینا  کو شکست دے کر بہترین فلم کا ایوارڈ کرب ناک اسٹوری پر مبنی فلم'  12' ائیرز اے سلیو'  نے حاصل کیا۔

 فلم'  12' ائیرز اے سلیو' برطانوی ہدایتکار اسٹیو میک کوئین نے بنائی ہے جس کے پروڈیوسر ہالی وڈ کے نامور اداکار بریڈ پٹ ہیں۔

 برطانوی آسکر جیتنے والی فلم کو آئندہ ماہ ہونے والے اکیڈمی ایوارڈ کے لیے بھی فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

لندن کے' رائل اوپرا ہاؤس ' میں سجنے والی بافٹا ایوارڈز کی تقریب میں فلمی دنیا کی نامور ہستیوں نے شرکت کی۔

بافٹا ایوارڈز کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ 12 ائیرز اے سیلیو سے اداکار 'چیویٹیل جیوفر'  نے حاصل کیا۔

اس سال بہترین فلموں کی کیٹیگریز میں نامزد ہونے والی فلموں میں سے دو مختلف مزاج رکھنے والی فلموں  کے درمیان مقابلہ جم کر ہوا۔

برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی وژن آرٹس  ایوارڈ جیتنے والے اداکاروں کوعام طور پر آسکرز ایوارڈز کے لیے بھی فیورٹ سمجھا جاتا ہے۔

بافٹا کی اس تقریب میں لیونارڈ ڈی کیپریو کی شہرت یافتہ فلم دا گریٹ گیٹسبی نے دو ایوارڈز حاصل کئے ۔

آسکر ایوارڈز کی تقریب مارچ 2 کو منعقد کی جائے گی ۔

بہترین اداکارہ کا ایوارڈ  فلم بلیو جیسمین سے  برطانوی اداکارہ 'کیٹ بلانشے'  نے جیتا ان کے ساتھ اس  کیٹیگری میں  دیگر نامزد اداکاراؤں میں گریوٹی سے سینڈرا بلاک ،امریکی ہسل سے ایمی ایڈمز اور فلومینا کی جیوڈی ڈینچ  ،ایما تھامسن بھی شامل تھیں ۔